ممتا بنرجی اور BJP کے درمیان ساز باز چل رہی ہے: ادھیر رنجن چودھری
ادھیر رنجن نے کہا کہ ترنمول اور بی جے پی کے مابین ساز باز کا انکشاف اس وقت ہوا تھا جب ممتا بنرجی نے بی جے پی کو شکست دینے کے لئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے کیا وعدہ توڑا تھا۔
نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مابین ساز باز ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی خرید و فروخت کے مقصد سے دہلی میں ہیں۔ مغربی بنگال کانگریس کے صدر نے کہا کہ ترنمول اور بی جے پی کے مابین ساز باز کا انکشاف گزشتہ دنوں اس وقت ہوا تھا جب ممتا بنرجی نے بی جے پی کو شکست دینے کے لئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے کیا وعدہ توڑا تھا۔
ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ممتا بنرجی کے بھتیجے کو جب انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بلایا تو اسی وقت بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے مابین ساز باز شروع ہوگئی تھی اور ممتا بنرجی دہلی میں خرید و فروخت کے لئے آئی ہیں۔
لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ممتا بنرجی اپنے بھتیجے کو ای ڈی سے بچانے کے لئے ساز باز کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست میں جب کانگریس کے ساتھ ترنمول کانگریس اور اپوزیشن کے دیگر لیڈروں نے بی جے پی کو شکست دینے کا فیصلہ کیا تھا تو ممتا بنرجی نے کس وجہ سے یہ وعدہ توڑا۔