درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں ماہانہ جلسہ درس تصوف کا انعقاد، ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری صاحب کا خطاب
بیدر: 18/نومبر (اے ایس ایم) حضور نبی کریمؐ کی محبت اُسی وقت دل میں آسکتی ہے جس کی زبان پر ہر وقت درود و سلام کا نذرانہ جاری رہتا ہے۔ رسول اللہؐ کی محبت دل میں بسائیں تو یقینا ہماری مصیبتیں ہم سے دور ہوں گی، سرکار دو عالم ؐ سے جو شخص محبت کرتاہے اس کا یہ عمل دنیا و آخرت میں کام آنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں منعقدہ ماہانہ حلقہ درس تصوف و نیاز شریف کے موقع پر مریدین و معتقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب نے کہا ایک مومن دوسرے مومن کے دل کا آئینہ ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ علماء کا ادب، بڑوں کا ادب، اپنے پیر و مرشد کا ادب اور بچوں سے شفقت، نماز کی پابندی کریں۔اوردلوں سے کینہ بغض و عناد نکالنے کی سخت ضرورت ہے۔ حضور ؐ پر ہر وقت درود وسلام کا نذرانہ پیش کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ محبوب سبحانی قطب ربانی میراں محی الدین حضرت سید ناشیخ عبدالقادرجیلانی ؓ کا گھرانہ صاحب کرامت گھرانا ہے۔ حضرت غوث الاعظم دستگیر ؓ کی ولادت 29شعبان 470 ھ اور وصال 11ربیع الثانی 561ھ کو ہوئی۔ آپ کا نام عبدالقادر لقب محی الدین پیران پیر گیلان ہونے کے وجہ سے جیلان کہلائے۔ آپ ؓ پدری 14 واسطوں سے حسینی اور مادری 11واسطوں سے حسنی ہیں۔
آستانہ قادریہ میں شجرہ عالیہ قادریہ کا ورد،تلاوت یس شریف، محفل قل،ختم قرآن کاا نعقاد عمل میں آیا۔ سلام فاتحہ گلہائے عقیدت کے بعد تقسیم تبرکات عمل میں آیا۔ لنگر خانہ قادریہ میں نیاز شریف کا اہتمام کیا گیا۔ شہ نشین پرمحمد لئیق احمد قادری بگدلی اور دوسرے موجود تھے۔ جلسہ کا کارروائی کا اغاز مولانا زائد حسین رضوی کی قرأ ت کلا م پاک سے ہوا۔ حافظ محمد شاہنوازنلدرگ، محمد فہیم اورمحمد سلیم الدین ظہیرآباد نے حمدو نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔سلام فاتحہ اور سجادہ نشین کی دعائے سلامتی کے بعد یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی۔

