بی جےپی کے سینئر لیڈر وشیشور ہیگڑے کاگیری اتفاق رائے سے کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر منتخب
بینگلورو: بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر اور چھ بار کے رکن اسمبلی رہے وشیشور ہیگڑے کاگیری کو بدھ کو اتفاق رائے سے کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر منتخب کرلئےگئے۔
وزیراعلی بی ایس ییدورپا نے اسمبلی اسپیکر کےئے مسٹر کاگیری کے نام کی تجویز دی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن بسوراج بومئی نے اس کی حمایت کی۔اپوزیشن کانگریس اور جنتادل (ایس)نے اس عہدے کے لئے کسی امیدوار کا نام تجویز نہیں کیا جس کی وجہ سے مسٹر کاگیری کو اتفاق رائے سے اسپیکر منتخب کرلیاگیا۔
ڈپٹی اسپیکر کرشنا ریڈی نے مسٹر کاگیری کی امیدواری تجویز ایوان میں رکھی جو بغیر کسی مخالفت کے پاس ہوگئی۔مسٹر کاگیری کو مسٹر ییدورپا اور اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے رکن سدھارمئیا اسپیکر کی کرسی تک لےگئے۔
مسٹر ییدورپا نے کہا کہ پارٹی کے سب سے سینئر ارکان اسمبلی میں سے ایک مسٹر کاگیری کے تجربے سے ایوان کو فائدہ ہوگا۔مسٹر سدھارمئیا نے بھی مسٹر کاگیری کے اسپیکر منتخب ہونے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ منصفانہ طریقےسے ایوان کی کارروائی چلائیں۔
سابق اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار،بی جےپی لیڈر کے ایس ایشورپا ،سابق وزیراعلی جگدیش شیٹار اور جے ڈی (ایس)کے رکن کے کمارسوامی سمیت کئی لیڈروں نے ایوان کی کارروائی بہترین انداز سے چلانے کےلئے ہرممکن تعاون دینے کا وعدہ کیا۔