مسلمانانِ بیدر کی جانب سے مرکزی وزیر مملکت بھگونت کھوبا اور ریاستی حج کمیٹی چیئرمن محمد رؤف الدین کو پیش کی گئی شاندار تہنیت
بیدر: 5/نومبر(اے ایس ایم) بیدر شہرکے مغل گارڈن فنکشن ہال میں مسلمانانِ بیدر کی جانب سے محمد نبی قریشی صدر آل انڈیا جمعیت القریش ایکشن کمیٹی کی زیرِ نگرانی و زیر قیادت اور مولانا سید بشیر الدین اشرف حسامی کی صدارت میں بیدر کے رکن پارلیمنٹ مسٹربھگونت کھوبا کومرکزی حکومت میں کیمیا جات اور کیمیاوی کھادوں کے مرکزی مملکتی وزیر بنائے جانے پر اور بیدر کے بی جے پی لیڈر جو برسوں سے بی جے پی میں مُختلف عہدوں فائزہو کر کام کرنے والے محمد رؤف الدین کچہری والے کو کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کا چیئرمن بنائے جانے پر شاندار پیمانے پر تہنیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ دونوں قائدین کا والہانہ انداز میں شاندار پیمانے پر گُلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے زبردست تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت مسٹر بھگونت کھوبا نے مسلمانانِ بیدر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیدر صدیوں سے قومی یکجہتی کا گہوارہ رہا ہے۔ یہاں تمام مذاہب کے لوگ آپسی بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے عیدو تہواروں میں شریک ہوکر خوشی مناتے ہیں اور ایک دوسرے کے غموں میں شریک رہتے ہیں۔ ہمارا بیدر قومی یکجہتی کیلئے ملک بھر میں بڑی مثال ہے۔اسی مثال کی کڑی کو میں نے آج اس پروگرام میں دیکھا۔مسلمانانِ بیدر کی جانب سے مجھے تہنیت پیش کرنا میرے لئے فخر و مسرت کا باعث ہے۔مسٹربھگونت کھوبا نے کہا کہ بیدر حلقہ پارلیمان کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ترقیاتی کام انجام دئیے جارہیے ہیں۔پارلیمانی حلقے کی شاہراہوں کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے 7000 کروڑ روپئے فراہم کر کے حلقہ کی ترقی میں تعاون کیا ہے۔ ضلع کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے سیپیٹ ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لانے کیلئے 100کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیدر کی عوام کا دیرینہ خواب جس کی تعبیر کیلئے مرکزی حکومت نے بیدر ایر پورٹ کا آغاز کیا‘ اور باضابطہ بیدر سے بنگلورو کیلئے پراوزیں شروع ہوچکی ہیں جس سے بنگلورو جانے کیلئے بڑی آسانی ہوگئی۔اس کے علاوہ بیدر بنگلور کیلئے ایک اور ٹرین شروع کردی گئی ہے۔ جو بنگلور یشونت پور تک جائے گی۔اسکے علاوہ دیگر روٹس کیلئے بھی بیدر سے ٹرینوں کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔بیدر کے عوام کیلئے پاسپورٹ کے حصول کیلئے بنگلورو گلبرگہ جانا پڑتا تھا‘اس پریشانی کو دور کرنے کیلئے میں نے بیدر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کا قیام عمل میں لایا۔انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے کرنول میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کیلئے بیدر سے کرنول جانے کیلئے میں نے ایک خصوصی ٹرین فراہم کی تاکہ یہاں سے اجتماع جانے والوں کو سہولت ہوسکے۔
بیدر ضلع میں آئی آئی ٹی کے طرز پر سنٹرل پلاسٹک انجینئرنگ اینڈ ٹکنیکل ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کیلئے 100کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ڈپلومہ اور ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کی ملک اور بیرونی ممالک میں زیادہ مانگ ہے۔ اس طرح کے ادارے کو یہاں قائم کرنے کیلئے میں جدوجہد کررہا ہوں۔تربیتی مرکز کیلئے 100ایکڑ زمین درکار ہے۔ فی الحال 10ایکڑ زمین پر عمارت تعمیر کی جائے گی۔ جس کیلئے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کیا گیاہے۔اس کے علاوہ میں بیدر حلقہ پارلیمان کیلئے مرکزی حکومت سے اور بھی بہت سے ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں اور جہاں بھی ترقیاتی کام رُکے ہوئے ہیں انھیں مکمل کرلیا جائے گا۔انھوں نے پروگرام میں اعلان کیا کہ جب کبھی بھی آپ لوگ میرے پاس مسائل لے کر آئیں گے ہر ممکن ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرو ں گا۔
اس موقع پر مسٹر بنڈپا قاسم پور سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بیدر جنوب نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ میں قدیم شہر بیدر میں اپنے آباء و اجداد کے زمانے سے مقیم ہوں اور مسلمانوں کی جانب سے مجھے ہمیشہ محبت و خلوص ملا ہے۔ میں ایک مرتبہ بیدر حلقہ اسمبلی سے رکن اسمبلی منتخب ہوا ہوں جس میں مسلمانوں نے مجھے بھاری اکثریت سے ووٹ دیا تھا۔ اور اب میں بیدر جنوب حلقہ اسمبلی سے منتخب ہوا ہوں وہاں بھی دیگر اقوام کے ساتھ ساتھ مسلمانوں نے میری کامیابی میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ بیدر ضلع کی ترقی کیلئے ہم سب قائدین متحد ہوکر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ محمد نبی قریشی ایک متحرک لیڈر ہے ہمیشہ عوام کی خدمات اور مسائل میں سلجھانے میں دن رات محنت کرتا ہے‘جب بھی کوئی مسئلہ حل کرنا ہو ہم سے رجوع ہوتے ہیں اور ہم ہر ممکن کوشش کرکے ان مسائل کو حل کرتے آرہے ہیں۔اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
اس موقع محمد رحیم خان سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بیدر نے پروگرام میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں بتایا کہ بیدر کی عوام نے مجھے ہر ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر طبقات و اقوام نے مجھے ووٹ دے کر 3 مرتبہ ایم ایل اے بنایا یہ ریاستِ کرناٹک میں ایک بڑی مثال ہے جس پر میں فخر کرتا ہوں۔ بیدر کی ترقی کیلئے میں نے میڈیکل کالج کی نئی بلڈنگ تعمیر کروائی‘قدیم بیدر شہر کے سرکاری دواحانہ کو 100بیڈیڈ اسپتال کی نئی بلڈنگ تعمیر کروائی اور آج باضابطہ عوام کی خدمات کیلئے 24گھنٹے خدمات جاری ہیں۔اس کے علاوہ میں نے بیدر حلقہ اسمبلی میں 9پی ایچ سی مرکز قائم کیا ہے تاکہ عوام کو بر وقت طبی سہولیات فراہم ہوسکے۔اس کے علاوہ اور بھی بہت سے ترقیاتی کام کیا ہوں اور آئندہ بھی کرتا ہوں اور بیدر کی عوام کے اُمیدوں کے عین مطابق خدمات انجام دیتا رہوں گا۔ مجھے ہمیشہ ہر سماج سے چھوٹے بڑے لوگوں نے محبت دی ہے ان کی اس محبت کو میں قائم رکھنے کی بھر پور کوشش کرتا رہوں گا۔
اس موقع پر محمد رؤف الدین کچہری والے چیئرمن کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مسلمانانِ بیدر کی جانب سے مجھے تہنیت پیش کی گئی، جس کیلئے میں تمام مسلمانانِ بیدر سے اِظہار تشکر کرتا ہوں۔اور یہ تیقن دیتا ہوں کہ اس عہدہ کا استعمال صحیح طورپر کرتے ہوئے بیدر کا نام روشن کروں گا۔ اس پروگرام میں علماء کرام جن میں مولانا عبدالغنی خان امام و خطیب عیدگاہ بیدر‘ مولانا مفتی سید سراج الدین نظامی‘ شیخ مجیب الرحمن قاسمی امام و خطیب مسجد علی ؓ بیدر‘ مولانا محمد فاروق قاسمی‘ مولانا عباس ندوی‘ محمد تصدق حسین ندوی چٹگوپہ‘ مولانا محمد جلال الدین قاسمی بھالکی‘ مولانا محمد اسلم قاسمی منااکھیلی‘ مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی بیدر‘ مولانا عبدالرحیم‘حافظ اشفاق اوراد بی‘اور تمام مسلم ارکانِ بلدیہ بیدر موجود تھے۔
پروگرام کاآغاز حافظ و قاری محمد صلاح الدین امام و خطیب کی قراء ت کلام ِپاک سے کی گئی۔جبکہ حافظ شیخ عبدالصبار مطہر عثمانی نے نعتِ رسول ؐ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ آخر میں محمد نبی قریشی نے تمام شرکائے پروگرام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں جس طرح قومی یکجہتی کا پیغام دیا گیا ہے اُس کو برقراررکھیں گے۔ اور اُمید ظاہر کی کہ بیدر ضلع کے منتخب نمائندے بیدر کی ترقی کے لئے متحد ہو کر کام کریں گے۔