ایران نے دی کھلی وارننگ، ایران کے خلاف جہاں سے کاروائی ہوگی، اُس کونشانہ بنایا جائےگا
تہران: ایران نے بدھ کے روز امریکہ کے اتحادی خلیجی ممالک کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی ۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی القدس فورس ( آئی آر جی ایس ) نے کہا ہے کہ عراق میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر کیا گیا حملہ جمعہ کے روز جنرل قاسم سلیمانی سمیت کئی لوگوں کی موت کے جواب میں کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی آئی آر این اے پر جاری کئے گئے ایک بیان میں آئی آر جی ایس نے کہا’’ ہم امریکہ کے ان سارے ساتھیوں کو انتباہ دینا چاہتے ہیں جنہوں نے اس کی ’دہشت گرد‘ فوج کو اپنی زمین استعمال کرنے دی ہے۔ ایسی کسی بھی جگہ سے (خلیجی ممالک) جہاں سے ایران کے خلاف کارروائی ہوتی ہے، اس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ہندوستانی حکومت نے بھارتی شہریوں کو عراق نہ جانے کا دیا مشورہ،
مرکزی حکومت نے خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کرکے کہا ہے کہ وہ عراق کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔ عراق میں گزشتہ دنوں رونما ہوئے واقعات کے پیش نظر وزارت خارجہ نے آج یہاں یہ ایڈوائزری جاری کی ۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عراق کی موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ اطلاعات تک عراق کے اپنے غیر ضروری سفر کو ٹال دیں۔ عراق میں رہ رہے ہندوستانیوں کو بھی محتاط رہنے اور ملک میں کہیں آنے جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
حکومت نے کہا کہ بغداد میں واقع ہندوستانی سفارت خانے اور اربیل میں قونصل خانے حسب معمول کام کر رہے ہیں اور ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ جمعہ کو ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں مارے جانے کے بعد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ سلیمانی کی ہلاکت کے انتقام میں منگل کی شب ایران نے عراق میں واقع امریکی اور اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا خدشہ بڑھ ہو گیا۔
ایران کی طرف سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی برطانیہ نے مذمت کی
برطانیہ سیکرٹری خارجہ ڈامینیک ریب نے کہا کہ ’’ہم اتحاد کی میزبانی کرنے والے عراقی فوجی اڈوں پر اس حملے کی مذمت کرتے ہیں، ہم ایران سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ ایسے حملے نے کریں‘‘۔