جان بوجھ کر BJP والوں نے پٹاخے چلوائے تاکہ دہلی حکومت کو بدنام کیا جاسکے! گوپال رائے
گوپال رائے نے کہا کہ دیوالی کی رات بی جے پی والوں نے لوگوں سے جان بوجھ کر پٹاخے چلوائے تاکہ دہلی حکومت کو آلودگی کے نام پر بدنام کیا جا سکے
نئی دہلی: دیوالی کے بعد دہلی-این سی آر میں آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے دہلی حکومت کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے عجیب و غریب بیان دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گوپال رائے نے کہا کہ دیوالی کی رات بی جے پی والون نے جان بوجھ کر پٹاخے چلوائے تاکہ دہلی حکومت کو بدنام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان دہلی کے باشندگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پٹاخے نہیں چلائے۔ بہت تھوڑے سے لوگوں نے ایسا کیا، جس کا اثر دہلی کی آلودگی پر نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والوں نے یہ کہہ کر لوگوں کو پٹاخے چلانے پر اکسایا کہ تہوار ہے، تھوڑے سے پٹاخوں سے کچھ نہیں ہوگا۔
غورطلب ہے کہ دیوالی کی اگلی صبح ملک کی راجدھانی دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آلودگی سے برا حال نظر آیا۔ تاہم آلودگی کو قابو میں کرنے کے لئے دہلی حکومت نے پٹاخوں کو فروخت کرن اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کی تھی لیکن دیوالی پر کئی مقامات پر جم کر آتش بازی کی گئی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا یہ جمعہ کی صبح راجدھانی کی فضائی کوالٹی انتہائی خطرناک ہو گئی۔ دریں اثنا، دہلی کے آسمان پر دھند کی موٹی چادر جم گئی ہے۔
دہلی کے جن پتھ علاقہ میں تو جمعہ کی صبح ایئر کوالٹی انڈیکش کا معیار 655.07 کی بلندی پر پہنچ گیا۔ دھند کی موٹی چادر کی وجہ سے کئی لوگوں کو آنکھوں میں پانی اور گلے میں خراش محسوس ہوئی۔ این سی آر کے علاقہ نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی کم و بیش یہی صورت حال نظر آ رہی ہے اور یہاں بھی آلودگی انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔