ترشول کی تقسیم سے فساد مچانا مقصود ہے تو ہم تحفظِ دستور کیلئے تحریک شروع کریں گے: SDPI
منگلورو: 27/اکٹوبر (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(SDPI) منگلورضلعی کمیٹی نے ڈی سی دفتر کے روبرو “سمودھنا دیکشے” پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس میں ایس ڈی پی آئی ریاستی کمیٹی رکن بی آر بھاسکر پرساد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وی ایچ پی اور بجرنگ دل:”ترشول دیکشے” (ترشول تقسیم) کے ذریعے سماج میں بدامنی اور ہنگامہ برپا کرنا چاہتے ہیں تو ایس ڈی پی آئی آئین کے تحفظ کیلئے تحریک شروع کرے گی۔ حال ہی میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے آیودھا پوجا کے موقع پر اپنے اراکین میں “ترشولا دیکشے “(ترشول تقسیم) کرکے سماج میں بدامنی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔
بھاسکر پرساد نے کہا کہ پسماندہ، دلت، بلاوا اور بنٹ برادری کے نوجوان سنگھ پریوار کے تقسیم کردہ ترشول کی سازش میں پڑ کر اپنی زندگیاں خراب کررہے ہیں۔ دوسری طرف برہمن برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماج میں اعلی عہدوں پر فائز ہوتے ہوئے اپنی نفیس زندگی گذاررہے ہیں۔
بھاسکر پرساد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس بات کو پسماندہ اور دلت برادریوں کو سمجھنا چاہئے۔ بھاسکر پرساد جو کرناٹک وزیراعلی بومائی کے عمل۔ردعمل سے متعلق بیان پر برہم تھے، نے کہا کہ اگر عوام عمل۔ردعمل پر اترجائیں تو ریاست کے حالات کہاں جاسکتے ہیں۔ بسوارج بومائی جنہیں قانون کی حفاظت کے بارے میں بیان دینا تھا اور وزیر اعلی کے عہدے پر رہتے وقت انہیں وقار اور عظمت کے ساتھ پیش آنا چاہئے، ورنہ وزیر اعلی کو اپنے عہدے سے استعفی دیکر کسی بھی تنظیم میں شمولیت اختیار کرکے اس طرح کے بیان دینا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دکشے کا معنی اچھا ہے لیکن منگلورو میں پیش آنے والا واقعہ لوگوں کو ایک برے ارادے کیلئے تیار کررہا تھا۔ بھاسکر پرساد نے سوال کیا کہ کیا کلاڈکا پربھاکر بھٹ، جگدیش کارنتھ اور پرمود متالک کے بہن بھائیوں میں ترشول تقسیم کی جارہی ہے؟، نہیں، ان کے بچے اعلی تعلیم کے ساتھ اچھی زندگی گذاررہے ہیں۔ لیکن پسماندہ، دلت، بنٹ اور بلاوا برادری کے بچوں کو ترشول دی جاتی ہے، کیا آپ کا یہ ارادہ نہیں ہے کہ یہ لوگ آپس میں لڑکر مرجائیں؟
ایس ڈی پی آئی دکشن کننڈا ضلعی کے صدر ابوبکر کولائی نے پروگرام کی صدارت کی اور تمہید پڑھ کر آئین کے تحفظ کا حلف دلایا۔ ضلع کے سابق صدر عطاء اللہ جوکٹے، انور سادات، سادات بجٹور، اقبال بلارے، ریاض فرنگی پیٹ، جلیل کے، الفانسو فرانکو، ویکٹر مارس، مسریا کننور اور دیگر اس پروگرام میں شریک رہے۔ ضلعی جنرل سکریٹری انور سادات نے استقبالیہ پیش کیا اورضلعی سکریٹری شاکر الکیجمل نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں خواتین سمیت سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔