بیدر: چیف منسٹرکرناٹک کے بیان کی مذمت اور معافی مانگنے کا مطالبہ، APCR نے بھیجا میمورنڈم
بیدر: 21/اکٹوبر (پی آر) اے پی سی آر ضلع بیدر کی جانب سے آج ایک میمورنڈم ڈپٹی کمشنر بیدر کو دیا گیا۔ میمورنڈم میں چیف منسٹر کرناٹک کے بیان کی مذمت اورفوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس موقعہ پر اے پی سی آر بیدر کے ضلعی صدر سید سہیل احمد نے بتایا کہ آج ہمارا ملک بڑے خراب دور سے گزر رہا ہے، مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، بیروزگاری کا حال برا ہے۔ لوگ اپنے روزمرہ کی زندگی گزارنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان حالات میں ڈر خوف و ہراس کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ملک کا ہر ذمہ دار شہری فکر مند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک و ریاست کی عام عوام آج بڑے ہی خوف کے ماحول میں جی رہے ہیں، خاص کر ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے پہلے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے۔ گذشتہ کرناٹک کے چیف منسٹر بومئی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شدت پسندوں تنظیموں کی جانب کے ذریعے سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ دراصل عمل کا ردعمل ہے،اور یہ ایک فطری عمل ہے، ایسا تو ہوتا ہے اگر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے تو اس طرح کا ردعمل فطری بات ہے۔
اے پی سی آر کے ضلعی صدر سید سہیل احمد نے کہا کہ ایک چیف منسٹر کے دستوری عہدہ پرموجود شخص جب اخلاقی پولیسنگ کی تائید کررہا ہے تو ارباب اقتدار سے کیا انصاف کی امید کی جاسکتی ہے؟ اس بیان کی ہر جانب مذمت اور ریاست کے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر چیف منسٹر کا سنجیدہ ہونا چاہیے اور فوری معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بومئی اور ان کے کابینہ ساتھیوں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے لوگوں کے تحفظ سے متعلق سوال پیدا ہوتا ہے۔ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بجائے ریاستی حکومت نفرت آمیز بیانات دینے اور ایسے واقعات کو ہوا دینے میں مصروف ہے۔ اس موقعہ پر اے پی سی آر سے وابستہ بیدر، بسواکلیان، ہمناآباد، اوراد اور بھالکی کے ذمہ درارن و ممبران موجود تھے۔