نمازِعید سے قبل مُجھے تقریر کا موقع ملے اس لیے عیدگاہ انتظامی کمیٹی کے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں: انجینئر احمد محی الدین اقبال
عید گاہ (سنی) بیدر کے ایگزیکٹیو ممبر کے انتخابات مجلس انتظامی کمیٹی کا پرچہ نامزدگی داخل
بیدر: 21/اکٹوبر (اے این این) انجینئر احمد محی الدین اقبال نے وقف بورڈ بیدر گورنمنٹ آف کرناٹکا سے منعقد شدہ انتخابات مجلس انتظامی کمیٹی بیدر کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی ریٹرنگ آفیسر اشوک پاٹل بمقام الیکشن آفس عیدگاہ کمیٹی بیدر کے حوالے کیا۔ موصوف نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عید کی نماز سے پہلے تقریر کا موقع ملنے کے لیے الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ کیا ہے۔
کیونکہ بیدر عید گاہ سے ہر عید کے موقع پر قومی یکجہتی اور عدل و انصاف کا پیغام دیا جاتا ہے، اور بیدر میں روایت ہے کہ اس پیغام کو غیر مسلم حضرات بھی ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں سنتے ہیں، بلکہ عید کی نماز کے بعد تمام مسلمانوں سے گلے مل کر عید کی مبارک باد بھی دیتے ہیں۔
اقبال صاحب بیدر کے مشہور و معروف انجینئر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، دینی اسکالر کے ساتھ ساتھ حال ہی میں گورنمنٹ آف کرناٹکا ایریگیشن ڈپارٹمنٹ سے مؤظف ہوئے ہیں۔ اقبال صاحب انسٹی ٹیوشنس آف انجینئرس(انڈیا) کے ممبر اور سادہ لوحی طبیعت کی وجہ سے ہر کوئی انہیں پسندیدہ نگاہ سے دیکھتا ہے۔