بیدرضلع بیدر سے

بیدر: مرکزی جلسہٴ رحمۃ العالمین ؐ 13ربیع الاول کو مسجد مدرسہ محمود گاواں ؒ میں منعقد ہوگا

ممتاز علمائے دین کی مخاطبت، مجلس استقبالیہ کی تشکیل
بیدر: 2/اکٹوبر (اے ایس ایم) کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی ضلع بیدر کے زیر اہتمام کل بعد نماز عشاء مغل گارڈن فنکثن ہال بیدر میں ایک اجلاس جناب سید صغیر احمدکی زیر نگرانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی کاروائی کا آغاز مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی صدرنائب قاضی بیدر کی قرائت کلام پاک سے ہوا۔ حمد و نعت کے بعد جناب محمد فراست علی ایڈوکیٹ نے اجلاس کو بتایاکہ کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی ضلع بیدر کے زیرا ہتمام گزشتہ 16سال سے تاریخی مدرسہ محمود گاواں ؒ کے دامن میں منعقد کئے جارہے مرکزی جلسہ رحمت العالمینؐ کو اس برس تاریخی مسجدمحمود گاواں ؒ میں منعقد کیا جائیگا۔

انہوں نے اجلاس کو مزیدبتایا کہ وبائی امراض کی پابندیوں کے پیش نظر جلسہ یوم صحابہؓ و نعتیہ مشاعرہ کے علاوہ ضلع سطح تحریری و تقریری مقابلوں کا انعقاداس سال نہیں ہوگا۔اجلاس میں جناب الحاج خواجہ شیخ سلیم کلاس ون کنٹراکٹر کو بحیثیت صدر استقبالیہ منتخب کیا گیا۔استقبالیہ میں جناب الحاج شاہ موسٰی محی الدین قادری ایڈوکیٹ، الحاج محمد غوث قریشی سابق رکن بلدیہ، محمد عبدالصمد منجووالا نائب صدور،الحاج سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد عمومی اور جناب سید سعود کونسلر، نثار احمد پانی منتری، شفیق احمد کلیم شریک معتمدین، الحاج شاہ متین قادری الملتانی، غلام دستگیر آرسی سی کنٹراکٹر، ڈاکٹرعبدالقدیر قادری، عبدالعلیم، عبدالرحیم، سید فاروق علی، جناب عبدالصمد بہمنی، عبدالمقیم، شاہ شعیب احمد قادری،زبیر احمد اراکین پر مشتمل استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اس موقع پر مولانا مفتی سید سراج الدین نظامی،حافظ و قاری مفتی محمد فیاض الدین نظامی، محمد عطاء اللہ صدیقی اور جناب محمد فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی وکنونیر جلسہ کے علاوہ سید منصور احمد قادری انجنیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابرکت جلسے دراصل ملت اسلامیہ کیلئے نشاۃ ثانیہ ثابت ہوتے ہیں۔نبی اکرم ﷺ کی بعثت سے پہلے دنیا کے حالات کا اندازہ کیا گیا تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ تڑپتی اور بلکتی اور دم توڑتی انسانیت جیسے حالات میں رحمت العالمین دنیا میں تشریف لاتے ہیں تو وہیں سے سارے مسائل و ازمائش فوری ختم ہوتے جاتے ہیں۔ آپ ﷺ کون و مکان کی تخلیق کا ذریعہ ہیں آپؐ کی میلاد کا صدقہ ہی ہیکہ اللہ رب العالمین نے اپنی مخلوق کواحسانات سے نوازا ہے۔ امت مسملہ کو غالب ہونے کے لئے سیرت رسول ﷺ کا مطالعہ اوراس پر عمل کے سلسلہ کو آغازکرناہوگا۔ عشق رسولؐ سے ایمانی حرارت پیدا ہوتی ہے ایسے جلسے بہت بڑی تعداد میں منعقد کئے جانے کی آج ضرورت ہے۔

اجلاس میں اپیل کی گئی کہ جلسہ رحمت العالمین ﷺ میں شرکت فرماکر اپنے ایمان کو تازگی بخشیں اور اتحاد کا مظاہر کریں۔الحاج شفیع الدین، سید فاروق علی، الحاج سید صغیرا حمد، غلام دستگیر نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد استقبالیہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔جناب محمد غوث قریشی نے استقبال اور اظہار تشکر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!