الیکشن کمیشن اب غیرجانبدار نہیں رہا: راہل گاندھی
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ اس لوک سبھا انتخابات میں اس کی سرگرمی شروع سے مشتبہ رہی ہے اور پورے انتخابات میں اس نے جو کردار ادا کیا اسے پورے ملک نے دیکھا اور اس سے واضح ہو گیا ہے کہ کمیشن اب غیرجانبدار نہیں رہا۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا “الیکشن کمیشن نے انتخابی بانڈ اور ای وی ایم سے لے کر انتخابی پروگرام میں جوڑتوڑ کرنے، نمو ٹی وی، ‘مودی سینا’ اور اب کیدارناتھ ڈرامہ تک نریندر مودی اور ان کی ٹیم کے سامنے خودسپردگی کی ہے اور ملک کے عوام نے اسے واضح طور سے دیکھا ہے۔ الیکشن کمیشن پہلے بے خوف اور غیر حانبدار تھا۔ اب اس میں وہ بات نہیں ہے. “۔
کانگریس کمیشن پر مسلسل الزام لگا رہی ہے کہ اس الیکشن میں اس کاکردار مشکوک رہا ہے۔ اس کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف پارٹی نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی 11 شکایات درج کرائی تھیں لیکن کمیشن نے ان پر غور نہیں کیا۔ پارٹی جب یہ معاملہ سپریم کورٹ لے گئی تو کمیشن نے نریندر مودی کو کلین چٹ دے دی۔