تازہ خبریںخبریںقومی

ہندو مہاسبھا نےمنایا گوڈسےکاجنم دن، گاندھی کی سمادھی توڑنےکاکیامطالبہ

لوک سبھا انتخاب کے دوران ناتھو رام گوڈسے کو لے کر بیان بازی نے خوب طول پکڑا اور سادھوی پرگیہ کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کو حب الوطن بتائے جانے اور پھر معافی مانگنے کی خبریں سرخیاں بنتی رہیں۔ اب میرٹھ میں آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے اراکین نے پرگیہ سے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے ایک طرف گوڈسے کا یوم پیدائش منایا اور دوسری طرف دہلی میں راج گھاٹ واقع گاندھی کی سمادھی توڑنے کی اپنی منشا ظاہر کی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اتوار کے روز مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کا یوم پیدائش ہندو سبھا اراکین کے ذریعہ منایا گیا اور اس دوران سبھی نے پوجا پاٹھ کے بعد مٹھائیاں بھی آپس میں تقسیم کیں۔ اس پروگرام کا انعقاد ہندو مہاسبھا کے نائب سربراہ پنڈت اشوک شرما اور تنظیم کے دیگر کارکنان کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ جلسہ میں موجود سبھی لوگوں نے اپنے سینے پر ’فخر سے کہو میں ناتھو رام گوڈسے‘ لکھے پوسٹر لگائے ہوئے تھے۔ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ پروگرام کےدوران ہندو مہاسبھا کے لوگوں نے مہاتما گاندھی کو ملک کی تقسیم کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا اور ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ناتھو رام گوڈسے نے مذہب کی حفاظت کے لیے مہاتما گاندھی کا قتل کیا تھا۔

ہندو مہاسبھا کے نائب سربراہ پنڈت اشوک شرما نے راج گھاٹ واقع گاندھی سمادھی کو توڑ کر وہاں پر گاندھی کی وجہ سے مارے گئے لوگوں کے اسمارک بنوانے کی اپنی منشا کا اظہار پروگرام کے دوران کیا جو کہ انتہائی متنازعہ اور حیران کرنے والا عمل ہے۔ پنڈت اشوک شرما نے باضابطہ اس سلسلے میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو خط لکھا اور یہ مطالبہ ان کے سامنے رکھا ہے کہ گاندھی کی سمادھی توڑی جائے۔

حالانکہ گوڈسے کا یوم پیدائش منانے اور مہاتما گاندھی کی تنقید کیے جانے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ہندو مہا سبھا اور کچھ دیگر کٹر ہندو تنظیمیں اس طرح کے پروگراموں میں گوڈسے کی عزت افزائی کرتی رہی ہیں، لیکن مہاتما گاندھی کی سمادھی کو توڑنے کا مطالبہ حیران کرنے والا ہے۔

واضح رہے کہ اسی سال 30 جنوری کو مہاتما گاندھی کے یوم وفات پر ہندو مہاسبھا کے ذریعہ ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں مہاتما گاندھی کے علامتی پُتلے کو گولی ماری گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد ہندو مہاسبھا کی زبردست تنقید بھی ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود یہ تنظیم باز نہیں آ رہی اور متنازعہ بیان بازیوں کے ساتھ ساتھ متنازعہ مطالبہ بھی کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!