ٹارگیٹ ہوتو ہر چیز حاصل کی جاسکتی ہے، کتنے طوفان پلٹ دیتا ہے ساحل تنہا: محمد حارث سومایر
بیدر:28ستمبر (وائی آر) محمدحارث سومایر جنہوں نے UPSCامتحان میں ملک گیر سطح پر 270نشانات حاصل کئے ہیں، آج اپنی رہائش گاہ موقوعہ چوبارہ پولیس اسٹیشن، چشتیہ پورہ بیدر میں گجرات سے تشریف لائے علمائے کرام مولانا مفتی ریحان اشاعتی اور حضرت مولانا معوذ وستانوی استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا (مہاراشٹر) کی جانب سے شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ پیش کی گئی تہنیت کوقبول کرنے کے بعد کہاکہ میں نے اپنی تعلیم بیدر کے ائرفورس اور کیندر ودیالیہ سے ایل کے جی سے دہم جماعت تک حاصل کی ہے۔
گیارہویں اور بارہویں کی تعلیم حیدرآباد کے سری چیتناکالج سے کی اورکمپیوٹر انجینئرنگ بنگلور کے رامیاا نجینئرنگ کالج سے مکمل کی۔ بعدازاں ڈیڑھ سال تک جامعہ ملیہ میں IASکی اسٹڈی کرتارہا۔ مجھے آگے بڑھانے میں میرے بڑے بھائی محمدندیم الدین کی کاوشیں ہیں جبکہ میرے والدین نے میراکافی ساتھ دیا۔ حارث سومایر نے یہ شعر پڑھا
؎ عزم محکم ہوتو ہوتی ہیں بلائیں پسپا
کتنے طوفان پلٹ دیتاہے ساحل تنہا
اور بتایاکہ عزم محکم رکھیں۔ ٹارگیٹ ہوتو ہر چیز حاصل کی جاسکتی ہے۔ تعلیم ایک واحد چیز ہے جسکے ذریعہ سماج کو بدلا جاسکتاہے۔ سماج کو بدلیں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔
مولانا مفتی ریحان اشاعتی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اونچے مقام پر پہنچنے کے لئے کسی کا ساتھ ہونا ضروری نہیں۔ لگن اورتڑپ کسی بھی انسان کو آگے پہنچاتی ہے۔ بھائی حارث سومایر نے محنت اور اپنی تڑپ کے ذریعہ اپنے مقصد کو حاصل کیا ہے۔ یادرہے کہ ہمیں ہمارے دین،شعائر اورکلچر کو لے کر زندگی کرنی ہے۔ میں حارث سومایر کے حق میں دعا گوہوں۔
مولانا مفتی غلام یزدانی اشاعتی نے مختصر سے خطاب میں کہاکہ غلام محمد وستانوی دامت برکاتہم کے بھانجے اوربھتیجہ آج حارث سومایر کو مبارک باد دینے ان کے مکان پہنچے ہیں۔ ایک ہی گھر میں 2-2 یوپی ایس سی کرچکے نوجوانوں کاہونا ہم بیدر والوں کے لئے فخر کی بات ہے۔ حارث سومایر آج نوجوانوں کے لئے آئیڈیل بن چکے ہیں۔ اس کے لئے ہم ان کے والد اورخود انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ یہ ہردن آگے بڑھیں اور قوم وملت کی خدمت کرتے رہیں۔
اس موقع پرحضرت مولانامجاہد اشاعتی، شیخ یاسر چاؤش، شیخ سمیر چاؤش سکریٹری الماس فاؤنڈیشن اسکول بیدر، مولانا عبدالقدیر صاحب، حافظ ناصر اشاعتی اور دیگر افراد موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع مولانا غلام یزدانی اشاعتی نے دی ہے۔