ٹاپ اسٹوری

جماعت اسلامی ہند اور جمعیۃ علماء ہند کے مشترکہ وفد نے آسام کے CM سے کی ملاقات

وفد نے کہا کہ ’’درانگ کے انسانیت سوز واقعات پر ہم شرمند ہ ہیں، وزیر اعلی انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مظلوموں کے لیے معقول معاوضہ کا اعلان کریں۔‘‘

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند اور جمعیۃ علماء ہند کے مشترکہ وفد نے جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی اور جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر آسام کے وزیراعلی ہیمنت کمار وسوا شرما سے گوہاٹی میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ضلع درانگ کے دھول پور میں سرکاری زمین کے انخلا کی وجہ سے پیش آمدہ واقعہ اور انسانی عظمت کی بے توقیری اور غریب و مزدور طبقے کو اپنے ہی وطن میں بے گھر کرنے پر سخت ناراضی ظاہر کی۔

اس دوران وفد نے مطالبہ کیا کہ
(1) اس سانحہ کی اعلی سطحی جوڈیشیل انکوائری کرائی جائے
(2) پولیس ایکشن میں ہلاک ہونے والوں کو بیس لاکھ اور زخمی ہونے والوں کو دس لاکھ معاوضہ دیا جائے
(3) اجاڑے گئے خاندانوں کے لیے دوا، پانی، اور اشیائے خوردنی کا انتظام کیا جائے
(4) سرکار کی طرف سے چھ بیگھہ زمین کھیتی کے لیے اور ایک بیگھہ زمین جو رہائش کے لیے دینے کا وعدہ کیا تھا، اسے جلد پورا کیا جائے۔

وفد میں شریک جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ درانگ ضلع میں جو کچھ ہوا، وہ انسانیت سوز ہے، ہم یہ امید کرتے ہیں کہ آپ مظلوموں کو انصاف دلانے میں ذاتی طور سے مدد کریں گے، ہمارے ملک کے آئین میں انسانی حقوق کو اولیت حاصل ہے، کوئی بھی زمین کا ٹکڑا کسی انسان کی جان سے اہم نہیں ہے، اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ آسام کے وزیر اعلی انسانی اقدار کا تحفظ کریں گے اور مظلوموں کو انصاف دلانے میں مستعدی سے کام لیں گے۔

اس سے قبل اتوار کو مشترکہ وفد نے ضلع درانگ کے ڈی سی شریمتی پرابھتی تھاؤسین اور ایس پی شری سوشانتا وسوا شرما سے ملاقات کر کے پولیس کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اس پر سوشانتا وسوا شرما نے کہا کہ اس واقعہ کی اعلی جوڈیشیل انکوائری کرائی جا رہی ہے، آگے کی بھی کارروائی کریں گے۔ واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے 24 ستمبر کو وزیر داخلہ، ہیومن رائٹس کمیشن اور وزیر اعلی آسام کو خط لکھ کر انصاف کی جانب تو جہ دلائی تھی۔

جمعیۃ علماء آسام کے ناظم اعلی جناب حافظ بشیر احمد قاسمی نے بتایا کہ ہمارا وفد زخمیوں سے ہسپتال میں ملے گا، اس کے بعد متاثرہ خاندانوں سے درانگ ضلع میں جا کر ملے گا۔ انھوں بتایا کہ سردست جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے طے کیا ہے کہ زخمیوں کو جمعیۃ علماء آسام اور اجمل فاؤنڈیشن کی طرف سے 20-20 ہزار روپے پیش کیا جائے گا۔

وفد میں انجینئر ایس امین الحسن، نائب صدر جماعت اسلامی ہند، محمد شفیع مدنی، سکریٹری جماعت اسلامی ہند، سلمان احمد، صدر ایس آئی او آف انڈیا،مولانا حکیم الدین قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، مولانا عبدالسلام جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مغربی بنگال، حافظ بشیر احمد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء آسام، مولانا عبدالقادر قاسمی ایڈیشنل جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء آسام، مو لانا محبوب حسن ایڈیشنل جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء آسام، ڈاکٹر حافظ رفیق الاسلام قاسمی ایم ایل اے اور سکریٹری جمعیۃ علماء آسام، الحاج امین الاسلام ایم ایل اے، جناب مجیب الرحمن ایم ایل اے، جناب مومن الرحمن آفس سکریٹری جمعیۃ علماء آسام، مولانا ہاشم نائب صدر جمعیۃ علماء کوکراجھار اور جمعیۃ علماء درانگ کے کارکنان شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!