عبادت ایسی کریں کہ ‘سر خدا کے سامنے اور دل رسولؐ کے ہاں جُھکیں’: ڈاکٹرمحمد ادریس احمد قادری بگدلی
بیدر: 20/ستمبر(اے ایس ایم) جو بندہ شریعت کا پابند نہیں ہوتا وہ طریقت کا پابند نہیں ہوسکتا۔ شریعت کے بغیر طریقت، حقیقت معرفت کے منازل طئے کرنا بندے کیلئے محال ہیں۔ ان خیالات کااظہار پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف نے آستانہ قادریہ بگدل میں ماہانہ نیاز شریف پیران پیرؒ، حلقہ درس تصوف و سالانہ فاتحہ حضرت محمد غلام احمد قادری بگدلی کے سالانہ فاتحہ کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا اللہ اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر دل و جان سے عمل کرنے،اہل بعیت اطہار کی محبت دلوں میں بٹھانے کے ساتھ ساتھ ماں باپ کی خدمت اطاعت و فرمانبرداری، صوفیا کرام، علمائے دین، اپنے پیر و مرشد اور اپنے بزرگوں کا ادب کرنا ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔
ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے کہا سب سے پہلے اپنے اولاد کے سینوں میں عشق رسولؐ بٹھایا جائے، اہل بیعت اطہار سے محبت اور اپنے بچوں کو قرآن مقد س کی تعلیم سے سرفراز کیا جائے۔ ماں باپ کو چاہیئے کہ وہ خود بھی نمازوں کی پابندی کریں اور اپنی اولاد کو بھی پنچوقتہ نماز کا پابندبنائیں۔ اللہ نماز ہم پر فرض کرکے جو تحفہ ہمیں دیا ہے ہمیں چاہیئے کہ ہم ایسی عبادت کریں کہ سرجھکے خدا کے پاس اور دل جھکے رسولؐ کے پاس۔ مریدین ومعتقدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دلوں سے کینہ، بغض، عناد نکال نہ پھیکیں گے جب تک ہمارا کوئی عمل منظور نہیں ہوتا۔ ہمیں چاہیئے کہ ہمیشہ سچ بولیں، تقوی و پرہیز گاری کو اپنائیں،اپنے پیر و مرشد کی خدمت اور ان کی ہدایت پر عمل کرنے سے اللہ ہر بلا و آفت سے محفوظ رکھتا ہے۔ اپنے پیرو مرشد کی خدمت کو غنیمت سمجھو اس میں حکمت ہے اہل اللہ کے پاس جائیں تو اپنے قلب کو صاف رکھو اور جب علماء کے پاس جائیں تو اپنے زبان کو پاک رکھو ہر ہر لمحہ اللہ کا ذکر کرتے رہیں ہمیشہ کلمہ شریف وہ درود شریف کا ورد کرتے رہیں۔
انہوں نے کہاکہ حضرت غوث الاعظم دستگیرؓ فرماتے ہیں کہ میں دنیا کو اس طرح دیکھتاہوں جیسے ہتھیلی میں رائی کے دانے کو دیکھا جاتاہے۔ غوث آعظم کا ہر لفظ قرآن و صاحب قرآن کے عشق و محبت میں ڈوبا وہوا ہے۔ ہر روز بعد نماز فجر یا اپنی سہولت کے مطابق قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کریں۔ سورہ فاتحہ، سورہ اخلاص، ذکر و اذکار سے گھروں میں رحمتوں کا نزول ہوتاہے اور بلئیات و آفات کا خاتمہ ہوتاہے۔ کلیات حضرت رضوان ؒ، اوراولیاء اللہ کے بے شمار کرامات پر روشنی ڈالتے ہوئے مریدین و معتقدین کو تلقین کی کہ وہ نمازوں کی پابندی کریں اور اولیاء اللہ کے تعلیمات پر عمل کریں۔
مولانا زاہد حسین رضوی کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کی آغاز ہوا۔ حافظ محمد شاہنواز نلدرگ نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعد جلسہ سالانہ فاتحہ حضرت محمد غلام احمد قادری بگدلی صائب قادری بگدلی ؒکے فاتحہ کا نہایت ہی ادب و احترام کے ساتھ انعقادعمل میں آیا۔ ڈاکٹر شاہ محمد ادریس احمد قادری نے غسل مزار مبارک اورصندل مالی کی جملہ رسومات مریدین ومعتقدین کی موجودگی میں نہایت ادب و احترام کے ساتھ انجام دیئے۔ گلہائے عقیدت سلام و نیاز، سلام و نیاز تقسیم و تبرکا ت عمل میں آئے شہ نشین پر محمد لئیق احمد قادری بگدلی اور دیگر موجود تھے۔ لنگرخانہ قادریہ میں نیاز شریف کا اہتمام کیا گیا تھا۔