بیدر: نوجوانوں کو روزگار کی تربیت دینے والا اِدارہ اُنّتی کے 36 ویں بیاچ کا وداعیہ جلسہ
روزگار سے لگانا ہر دور میں ایک اہم کام رہاہے:عبدالعلی نیوزایڈیٹر روزنامہ ”حیدرآباد کرناٹک“ بیدر
بیدر: 17/ستمبر (وائی آر) نوجوانوں کو روزگار سے لگانا ہردور کا اہم کام رہاہے۔ یہ کام بلاشبہ ادارہ اُنّتی Unnati انجام دے رہاہے۔ کم سے کم ایام میں نوجوانوں کو اس طرح تیار کرنا کہ وہ مناسب انگریزی کے ساتھ روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں، ہرکسی سے ممکن نہیں ہے۔ خوشی اس بات کی ہے کہ یہاں لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی روزگارکے لئے تیار کیاجارہاہے۔یہ باتیں جناب عبدالعلی نیوزایڈیٹر روزنامہ ”حیدرآباد کرناٹک“ بیدرنے کہیں۔ وہ جمعرات کو اُنّتی ادارہ کی جانب سے نمبورے کامپلکس، پہلی منزل، نزدگنیش میدان بیدرمیں منعقدہ لڑکے اور لڑکیوں کے36ویں بیاچ کے وداعی جلسہ اور 37ویں بیاچ کی ”استقبالیہ“ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔
انھوں نے مزید بتایاکہ انسان کے لئے دو ہی راستے ہیں ایک اچھا راستہ اور دوسرا خراب راستہ۔جو اچھا راستہ اختیار کرے گا وہ کامیاب ہوگا۔ اور اچھاراستہ بتانے والے والدین کے علاوہ اساتذہ اور تربیت دینے والے وہ افراد ہوتے ہیں جن کے ہاتھوں میں قوموں کی تقدیرپوشیدہ ہوتی ہے۔آپ تمام کام کو چھوٹا نہ سمجھیں۔ خوب دل لگاکر محنت کریں اور اپنانام کامیاب افراد میں لکھوائیں۔ محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ دوسرے مہمان اور شخصیت ساز جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے اپنے خطاب میں انسانی زندگی کی اہمیت پر زور دیا اور نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سے گذارش کی کہ وہ زندگی گذارنے کو اہمیت دیں۔ مرجانا، یا چھوٹی موٹی خواہش کے پوری نہ ہونے پر خودکشی کرناایک بہت ہی آسان عمل ہے۔ جب کہ حالات سے لڑکر زندگی گذارنا بہت مشکل کام ہوتا ہے۔ اور مشکل کام وہی انجام دیتے ہیں جو زندگی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
موصوف نے اُنّتی ادارہ کے ذمہ داران کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سے کہاکہ خود اپنے پیروں پرکھڑے ہونا انسانیت کی معراج ہے۔ والدین یادوسروں پر بوجھ بننے کے بجائے آپ دوسروں کاسہارا بنیں۔ پروگرام کا آغاز ترانے اور نعت سے ہوا۔ مختلف لڑکے اورلڑکیوں نے اردو، ہندی اور انگریزی میں تقاریر کیں۔ ساتھ ہی نئے بیاچ کے طلبہ کو خوش آمدیدکہا۔ چند نوجوانوں نے شاعری پیش کرکے سماں باندھ دیا۔تو چند نوجوان لڑکے اورلڑکیوں نے انگریزی میں اپنی بات رکھی اور بتایاکہ ہم جب یہاں آئے تھے ہمیں انگریزی بات کرنی نہیں آتی تھی۔ آج ہم جو کچھ بول رہے ہیں یہ سب اُنّتی کے Change Makerکی رہنمائی کانتیجہ ہے۔
اُنّتی کے چینج میکر جناب شاہ اسمعیل، مسٹر Noelاور محمد عمر احمد نے اس موقع پر طلبہ کی رہنمائی کی۔ اور بتایاکہ کمپیوٹر، اسپوکن انگلش، لائف اسکل، پبلک اسپیکنگ وغیرہ جیسے موضوعات پر ان نوجوانوں کو تیار کیاگیاہے۔ تین نوجوانوں کا MNCمیں انتخاب ہواہے۔ وہ کافی اچھی تنخواہ پائیں گے۔ ہماری کوشش دیہات کے نوجوانوں کافیوچر بنانے سے متعلق ہے اور ہم مطمئن ہیں کہ مواضعات کے لڑکے اورلڑکیاں اُنّتی میں تربیت حاصل کرکے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے میں لگی ہیں۔
اس موقع پر مہمان خصوصی جناب عبدالعلی اوردیگر مہمان و ذمہ داران نے پھول اور قلم پیش کرکے نئے بیاچ کے تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کا استقبال کیا۔ اور اس موقع پر مہمان خصوصی جناب عبدالعلی نیوزایڈیٹر حیدرآباد کرناٹک کے ہاتھوں سے کیک کاٹ کر 36ویں بیاچ کے نوجوانوں نے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ 37واں بیاچ 13اکٹوبر سے شروع ہوگا۔زائد تفصیلات کے لئے 9741461196 پرنوجوان لڑکے اور لڑکیاں رابطہ کرسکتے ہیں۔