خبریںقومی

کالجز دوبارہ کھولنے اور تعلیمی نقصان کیلئے خصوصی پیکیج جاری کرنے طلبہ رہنماوٴں کا مطالبہ

نئی دہلی: 9 ستمبر- ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طالب علم رہنماؤں نے جمعرات کو کالج اور یونیورسٹی کیمپس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا، جو کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند ہیں۔ ان طلباء، جن کا تعلق جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی)، جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) سے ہے، نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اُن طلباء کو فیس میں رعایت فراہم کریں جو مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران ہوئے طلباء کے تعلیمی نقصان کے لئے خصوصی معاشی پیکیج کا اعلان اور طلباء و اساتذہ کے ٹیکا کاری کا انتظام حکومت کی جانب سے کیا جانا چاہئے۔

طلباء رہنما، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جس نے جمعرات کو ‘قومی احتجاجی دن’ کے طور پر منایا۔ اس سے قبل صبح کے وقت، جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تاکہ حکام کو یونیورسٹی میں آف لائن کلاسز دوبارہ شروع کرنے پر اصرار کیا جائے۔ تنظیم کی جانب سے حکام و انتطامیہ سے جڑے لوگوں کے ساتھ میٹنگ بھی کی گئی اور تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے اور طلبہ کی تعلیم جاری رکھنے کے لئے ضروری سہولیات فراہم ہو اِس غرض سے میمورینڈم بھی پیش کیا گیا۔

سی اے اے مخالف تحریک کے رہنما اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے گریجویٹ آصف اقبال تنہا نے کہا کہ اب کچھ استثناء کے ساتھ، ملک بھر میں کوویڈ 19 کے معاملات کم ہورہے ہیں، اور بیشتر علاقوں میں زندگی معمول پر آرہی ہے، کیمپس دوبارہ کھولنے کی فوری ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکام اس بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے اداروں سے کہا کہ وہ ہیلتھ پروٹوکول اور پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے کیمپس میں تعلیم کی سہولت فراہم کریں۔ 

ایس آئی او کے سیکرٹری جنرل سیّد مزکّر نے بتایا کہ ملک شدید معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ تاہم، انہوں نے الزام لگایا، طلباء کے درد کو دور کرنے کے بجائے، بہت سے تعلیمی ادارے لائبریریوں، لیبارٹریوں اور کیمپس کی دیگر سرگرمیوں جیسی سہولیات کے لئے فیس وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور اداروں سے تمام غیر ضروری فیسیں معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔

جے این یو کونسلر آفرین فاطمہ، اے ایم یو کے طالب علم عبدالودود اور سینٹر فارایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (سی ای آر ٹی) کے ڈائریکٹر ایڈووکیٹ فواز شاہین نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ (رپورٹ: اسید اشہر)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!