ریاستوں سےمغربی بنگال

ماہنامہ انشاء کا گوشہٴ دلیپ کمار

کلکتہ: 25/اگست (پی آر)محمد امیر الدین، رابطہ آفیسر،ماہنامہ انشاء کے بموجب ماہنامہ انشا ء نے اپنے ستمبر اکتوبر کے شمارے میں عظیم اداکار دلیپ کمار کی یاد میں ایک خصوصی گوشہ شائع کیا ہے جس کے مشمولات پر واہ تو سرورق کو دیکھ کر دل سے ہائے نکل جائے گی۔ دلیپ کمار سے متعلق مضامین رسمی نوعیت کے فلمی مضامین نہیں ہیں بلکہ ان میں دلیپ صاحب کے فنّی، شعوری، سماجی، ملّی اور شخصی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ شعر و ثقافت سے مرحوم اداکار کے خاص شغف کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔

بابری مسجد کی شہادت کے بعد کلکتہ میں دلیپ کمار کی ایک درد انگیز تقریر بھی شامل کی گئی ہے جو ایک تقریب میں ماہنامہ انشاء کے بابری مسجد نمبر کے اجرا کے بعد انھوں نے کی تھی۔ یہ روداد ف۔س۔اعجاز کی لکھی ہوئی ہے۔ دورانِ تقریر دلیپ کمار نے بتایا تھا کہ بمبئی کے فسادات میں تباہ ہوئی ایک عورت نے انھیں کن الفاظ میں بددعا دی تھی۔ شاعر چند بھان خیال ؔ نے دلیپ کمار کو ”یوسفِ ہندوستاں“ قرار دیا ہے۔ ف۔س۔اعجاز نے بطرزِ سانیٹ ایک منفرد نظم ”دلیپ کمار“ لکھی ہے۔ مضامین میں انگریزی کالم نگار بھارتی ایس پردھان، حسن کمال، ف۔س۔اعجاز، احمد سعید ملیح آبادی، محمد اقبال عادل وغیرہ کی تحریریں بھی شامل ہیں۔ کنیڈا کے معروف ادیب و شاعر اشفاق حسین نے دلیپ صاحب سے لئے انٹرویو کی داستان خصوصاً بیان کی ہے۔

اس شمارے کے دیگر مشمولات میں ڈاکٹر سید تقی عابدی (کنیڈا) کے مرتّبہ عمر خیّام ؔنیشا پوری کے کوایف شامل ہوئے ہیں۔ چکبست ؔ پر ارشاد احمد(کلکتہ) کا عالمانہ مضمون نیز اردو میں مذہبی و روحانی ادب پر منظوم تراجم کے اثرات کے حوالے سے کاشف احسن کی تحریر موجود ہے۔ ڈاکٹر تسکین جہاں (بھوپال) نے بھوپال کے دورِ اوّل کی افسانہ نگار رضیہ فرحت پر مضمون لکھا ہے۔

پروفیسر علی احمد فاطمی کی نئی کتاب ”فن اور فنکار“ میں شامل کئی موقر مضامین سے بے حد دلچسپ اور شوق انگیز اقتباسات پیش کئے گئے ہیں۔ شعرا میں سردار پنچھی، مہدی پرتابگڈھی، ہارون شامی، ابرار نغمی، مدہوش بلگرامی،رومانہ رومی، شاہد پٹھان،کوثر صدیقی، انجم عظیم آبادی، اشرف یعقوبی،شاہدہ بشریٰ سحر، سلطان شمسی وغیرہ شامل ہیں۔ افسانہ نگاروں میں بلراج بخشی(جمّوں)، ناہید طاہر(سعودی عرب)، شکیل افروز (کلکتہ)، سلمیٰ جبیں (کلکتہ)کی جدید متنوّع پس منظر کی کہانیاں قابلِ مطالعہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!