بیدر: جامعہ روضہ البنات میں شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد کی آمد وخطاب
بیدر: 25/ا گست(اے ایس ایم) اسلام میں علم کا حاصل کرنا مرد اور عورت کیلئے یکساں ہے اسی لئے تو ام المو منین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ ام المومنین حضرت ام سلمیٰؓ اور دیگر صحابیات سے اہم اہم مسائل میں روایات ملتی ہیں اگر صحابیات سے روایات حدیث ہم کو نہیں ملتی تودین کے ایک بڑے حصہ سے امت مسلمہ محروم ہوجاتی اور اگر ان کے پاس علم نہیں ہوتا تو وہ روایات کیسے کرتیں۔ ان خیالات کا اظہار مفکر اسلام زین الفقہ حضرت علامہ مولانا مفتی خلیل احمد صاحب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد و امیر شریعت تلنگانہ و آندھرا صدر رویت ہلال تلنگانہ دکن و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے تاریخی شہرمحمد آباد بیدرمیں 22/ا گسٹ بروز پیر کوجلسہ اعلان جانشینی و عطائے منصب قضاءت میں شرکت کے موقع پر جامعہ نظامیہ کی شاخ جامعہ روضۃ البنات علی باغ بیدر کا بھی دورہ کیا، اس موقعہ پر مولوی تا مفتی کورس میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات و معلمات کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔
مفکر اسلام نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے طالبات سے فرمایا کہ دین کا بڑا حصہ ہم کو خواتین ہی سے ملا ہے اسی لئے طالبات کو کوشش کرتے ہوئے آگے آنا چاہیئے اگر خواتین پیچھے رہیں گی تو صرف وہ اپنا نقصان نہیں کریں گی بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کا نقصان کریں گی۔ دور حاضر میں آپ تمام علم عمل تحقیق اور عقیدے کے اعتبار سے مضبوط ہوجائیں کیونکہ قوت والا مسلمان کمزور مسلمان سے بہتر ہے۔ عورت مفتی، مفکر، محقق، مفسر، شاعرہ بھی بن سکتی ہے اللہ تعالیٰ نے اس میں مرد اور عورت کی کوئی تخصیص نہیں فرمائی تمام طالبات نے اس موقع پر اپنا تعارف پیش کیا اور حضرت شیخ الجامعہ نے چند طالبات سے سوالات فرمائے اور جوابات پر اطمینان کا اظہار فرمایا۔
مدرسہ ہذا کی کارکردگی سے ناظم مدرسہ مفتی سید سراج الدین نظامی نے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ جامعہ روضۃ البنات میں مولوی تا مفتی کورس کی جامعہ نظامیہ کے نصاب تعلیم کے اعتبار سے تعلیم دی جاتی ہے ساتھ ہی ساتھ ان طالبات کو سائنس، شوشل، حساب، کنڑا اور انگلش کے ذریعہ عصری علوم پر بھی مہارت کروائی جاتی ہے اور گزشتہ دو سالوں سے جہاں عالم کورس میں 70تا80طالبات زیور علم سے آراستہ ہورہی ہیں وہیں پراُردو میڈیم سے دسویں جماعت میں بھی کامیابی حاصل کررہی ہیں امسال 12طالبات نے عالم کورس کے ساتھ دسویں جماعت میں کامیابی حاصل کی ہیں۔
مدرسہ ہذا کی کارکردگی پر حضرت شیخ الجامعہ نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مدرسہ کی ترقی کے لئے دعائیں فرمائی اس موقع پر مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی صدر مفتی جامعہ نظامیہ بھی موجود تھے۔ مفتی سید سراج الدین نظامی ناظم مدرسہ نے شیخ الجامعہ و صدر مفتی جامعہ نظامیہ کی شال وگلپوشی فرمائی اور استقبال کرتے ہوئے اظہار تشکر فرمایا۔