بیدرضلع بیدر سے

بزرگ شاعر نثاراحمد کلیم ؔ کی تیسری برسی پر ادبی محفل اور مشاعرہ کاانعقاد

بیدر: 20/اگست (وائی آر) ایچ اے کے چیرٹیبل ٹرسٹ بیدر/بنگلور کی جانب سے بیدر کے بزرگ شاعر نثاراحمدکلیمؔ کی تیسری برسی کے موقع پر 19/اگست کی شب میریڈین ہائی اسکول، نزد نظام فنکشن ہال بیدر میں ادبی نشست اور محفلِ مشاعرہ کاانعقاد اختر محی الدین انجینئر کی زیر صدارت عمل میں آیا، جس کے مہمان خصوصی عباس خان مؤظف محکمہ پولیس اور مہمان اعزازی محمد کمال الدین شمیمؔ تھے۔

پروگرام کاآغاز طنزومزاح کے جواں سال شاعر حامد سلیم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعدازاں منقبتی کلام پیش کیاگیا جس میں محمد کمال الدین شمیم ؔ، سید لطیف خلشؔ، محمد امیرالدین امیرؔاور منورعلی شاہد نے حصہ لیا۔ سابق رکن اسمبلی اور رکن کونسل جناب محسن کمال مرحوم کی منقبت بعنوان ”مردِحق آگاہ“ کو محمد یوسف رحیم بیدری نے پیش کیا۔ جس کی ترسیل محسن کمال مرحوم کے فرزند احسن کمال پرویز نے کی تھی۔ شرکاء نے تمام منقبتوں کو سراہتے ہوئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ اور ان کے”حق گھرانے“کو یادکیا۔

بعدازاں ادبی نشست میں محمدیوسف رحیم بیدری نے مرحوم نثاراحمد کلیمؔ پر اپنامضمون پیش کرتے ہوئے کہاکہ ”مولوی نثاراحمد کلیم انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) بیدر کے صدرتھے۔ ان کی شاعری، نثر اور اولیائے کرام سے متعلق ایک درجن سے زائد کتابیں شائع ہوئیں۔ ان کے پہلے شعری مجموعہ ”فکرکلیم“ پر گلبرگہ یونیورسٹی گلبرگہ نے پرسار رنگا ایوارڈ عطاکیا۔ ان کی شاعری اور ادبی خدمات سے متعلق دوریسرچ اسکالر نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی۔

انکے فن وشخصیت پرلکھنے والوں میں مجتبیٰ حسین، سعید رحمانی، پروفیسر عبدالحمید اکبر، پروفیسر عبدالرب استاد، محمدیوسف رحیم بیدری، رخسانہ نازنین، ڈاکٹر شمس الدین حکیم، ڈاکٹر زبیر قمر دیگلوری وغیرہ شامل ہیں“ ہندی کے ہونہارکہانی کار جناب عظیم بادشاہ بھالکی نے ہندی زبان میں ایک طویل جاسوسی کہانی اور ایک افسانچہ پیش کیا۔ بعدازاں محفل مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں نثاراحمد کلیم مرحوم پر محمد کمال الدین شمیم ؔ، جناب حامد سلیم، سید لطیف خلش، میرؔبیدری اور محمد امیرالدین امیرؔ نے اپنااپناکلام پیش کیاجس کوکافی پسند کیاگیا۔

منورعلی شاہد اور عظیم بادشاہ نے علیحدہ سے ادبی کلام پیش کیا۔ تقریب کے صدر اختر محی الدین انجینئر نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کو مزید آگے بڑھایاجانا چاہیے کیونکہ اس سے نثاراحمد کلیم کی شخصیت اوران کافن نکھر کرسامنے آئے گااور یہ ادب کی معقول خدمت بھی ہوگی۔ محمد محسن انصاری، جناب محمد مجیب الدین(این آرآئی)، محمد شاہ نواز، سید منہاج علی، سید آصف حسین، محمد یونس اور محمدکلیم احمد حکیم کے علاوہ دیگر شریکِ تقریب رہے۔ مرحوم نثاراحمد کلیم کے پوتے حسیب احمد کلیم نے انتظامی امور سنبھالے۔

محمدیوسف رحیم بیدری نے نظامت کافریضہ انجام دیا اوربتایاکہ آئندہ ہفتہ درزی گلی بیدرمیں دومنزلہ شیز شاپنگ مال کا افتتاح ہونے جارہاہے جس کے پروپرائٹر تقریبِ ہذا کے داعی شفیق احمد کلیم ہیں۔ شیز شاپنگ مال کے افتتاح کے موقع پر شریک رہنے کی تمام سے اپیل کی جاتی ہے۔ تقریب کے داعی جناب شفیق احمد کلیم کے اظہار تشکر پر تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!