بیدر: روضہ مشن اسکول میں جلسہٴ تہنیت، محمد گلسین سابق BEO بیدرکا خطاب
علم کے ذریعہ نوکری حاصل کرنا ہی ترقی نہیں، حصولِ علم کا مقصد قوم وملت، ملک اورنئی نسل کی ہمہ جہت ترقی وارتقاء ہے: محمد گلسین سنئیر لکچرار ڈائیٹ بیدر
بیدر: 15/ا گست (اے ایس ایم) علم حاصل کرنا بے حد ضروری ہے جہاں حکومت کہہ رہی ہے وہیں پہ اسلام بھی کہہ رہا ہے کہ علم حاصل کرو چاہے علم حاصل کرنے کے لیے چین تک کیوں نہ جانا پڑے۔ ہمارے نبی ﷺ نے علم والی جماعت کو پسند کیا ہے۔ قرآن کی نزول کی ابتداء ہی اقراء یعنی پڑھنے کے حکم کے ساتھ ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار محمد گلسین سنئیر لکچرار ڈائیٹ بیدر نے روضہ مشن اسکول میں منعقدہ جلسہ تہنیت کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ علم کو معاش کے لیے حاصل نہ کرے بلکہ روزی کا دینے والا اللہ تعالی ہے۔ وہ بے زبان جانوروں اور دیوانوں کو بھی رزق عطاکرتاہے ہم تو اشرف المخلوقات ہیں۔ علم کے ذریعہ نوکری حاصل کرنا ترقی نہیں ہے نوکری کفالت ضرور کرتی ہے مگر اس سے ترقی ممکن نہیں ہے۔ علم ہی کے ذریعہ قوم وملت ملک اورآنے والی نسلوں کی ترقی وارتقاء ممکن ہے۔
انہوں نے مولانا مفتی سیّدسراج الدین نظامی صدرنشین روضہ مشن اسکول کو اورروضہ مشن اسکول وزہیرہ پبلک اُردو میڈیم اسکول کے طلباء کی دسویں جماعت میں صدفیصد کامیابی پر مبارک باد دی اورکہا کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی لاگو ہوچکی ہے۔ حکومت کرناٹک نے اس کو منظوری دی ہے اور آرڈر بھی آچکا ہے۔ اسی لیے تمام ذمہ داران مدارس واساتذہ اور سرپرستوں کو مل کر اچھی کوشش کی ضرورت ہے۔
صدر جلسہ مولانا مفتی سیّد سراج الدین نظامی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام شرکاء،اولیائے طلباء و طالبات اور مہمانان خصوصی کااستقبال کیا اور کامیاب ہونے والے تمام طلباء و طالبات کو پرجوش مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مہاماری کے ماحول میں اگر والدین اپنے اولاد کو زیور علم سے آراستہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو میں ان کے حوصلوں کو سلام کرتا ہوں۔ ان طلباء کی کامیابی ان کے والدین اور ان کے اساتذہ کی شب وروزکی محنت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے کہا علم حاصل کرنا ضروری ہے مگر حسن اخلاق اور دینی علم کے ساتھ عصری علوم کاحاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔ اس سال بھی روضہ مشن اسکول سے دسویں جماعت کامیاب ہونے والے طلباء میں ایک طالبہ حافظہ قرآن ہے اور زہیرہ پبلک اسکول اردو میڈیم سے دسویں کلاس میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طالبات کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام طالبات عالم کورس بھی کررہی ہیں۔
تمام کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو شال و گلپوشی کے ذریعہ شاندار نہنیت پیش کی گئی اور بدست مہمانان خصوصی مومنٹوعطاکئے گئے۔ جلسہ کا آغاز حافظہ بی بی علیشاہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔حافظہ مسکان نے حمد و نعت سنانے کی سعادت حاصل کی۔ محترمہ تسکین معلمہ جامعہ ہذا نے جلسہ کی نظامت اور اظہار تشکرکیا۔