سی بی آئی سوشانت سنگھ کیس کی تحقیقات کی موجودہ صورت حال کی وضاحت کرے: کانگریس
ممبئی: فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت معاملے کی سی بی آئی تحقیقات کو ایک سال کا عرصہ گرز گیا لیکن سی بی آئی ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔ ایمس پینل کی جانب سے سوشانت سنگھ کے قتل کے امکان کو خارج کیے جانے کو بھی 300 دن سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ سی بی آئی اس معاملے میں ہنوز خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔
کیا اس کے پیچھے کوئی دباؤ ہے؟ سوشانت سنگھ معاملے میں ایک سال میں کیا پیش رفت ہوئی جسے انتہائی انا کا مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔ تحقیقات کی موجودہ صورت حال کیا ہے؟ کیا مودی حکومت نے مہاراشٹر کی تحقیقات کو نیچادکھانے کا کوئی حکم دیا ہے؟ سی بی آئی کو فوری طور پر ان کی وضاحت کرنی چاہئے۔
یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کیا ہے۔ اس ضمن میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی بی آئی نے بہار پولیس کی جانب سے سوشانت سنگھ راجپوت کی افسوسناک موت کی تحقیق اپنے ہاتھ میں لیے ہوئے ایک سال کا عرصہ گزرچکا ہے۔ بہار پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 177 کی خلاف ورزی کی تھی۔
سپریم کورٹ نے بھی ممبئی پولیس کی تحقیق پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ لیکن ممبئی پولیس کی شبیہ خراب کرنے اور مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی بی جے پی کی اس کے پسِ پشت سازش تھی۔ بہار کے اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گپتیشور پانڈے کا اس کام کے لئے استعمال کیا گیا۔ بی جے پی نے نہایت گھٹیا طور پر علانیہ قتل وعصمت دری کے الزامات عائد کئے اور بہار الیکشن میں بھی سوشانت کی موت کا استعمال کیا۔