فانی طوفان: اڈیشہ میں تباہی،160 زخمی
نئی دہلی: خلیج بنگال میں آئے گردابی طوفان فانی کے آج اودیشہ میں پوری کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور مختلف واقعات میں 160 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طوفان کی وجہ سے پوری میں کچے گھروں، پرانی عمارتوں اور عارضی دکانوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ابھی تک کسی شخص کی موت کی خبر نہیں ملی ہے لیکن 160 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ علاقے میں بجلی اور مواصلات کا نیٹ ورک مکمل طور پر ٹھپ پڑ گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپونس فورس اور ریاست کی مختلف ایجنسی سڑکوں اور دیگر راستوں سے درختوں اور كھمبوں کو اٹھانے میں مصروف ہے۔فانی طوفان تقریبا 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جمعہ کی صبح اڈیشہ میں پوری کے ساحلی علاقوں میں پہنچ گیا جس کے بعد سے پوری اور دیگر ساحلی علاقوں میں بارش ہو رہی ہے اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔
زبردست گردابی طوفان فانی سے ہوئی تباہی کے بعد صورت حال سے نمٹنے اور راحت اور بچاو مہم کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) نے اپنی پوری طاقت لگادی ہے اور 65ٹیمیں تعینات کی ہیں۔طوفان کی وجہ سے پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر بنائے گئے کیمپوں میں بھیج دیا گیا ہے۔اب تک 11 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔ بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیمیں امدادی مہم میں لگ گئی ہیں۔
فانی کے سبب دہلی ایئرپورٹ پر 39 پروازیں منسوخ
گردابی طوفان فاني کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈہ پر 39 پروازیں جمعہ کو منسوخ کرنی پڑیں۔ دہلی ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فاني کی وجہ سے بھونیشور جانے والی 10 اور کولکتہ جانے والی 15 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ بھونیشور سے آنے والی نو اور کولکتہ سے آنے والی پانچ پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ فانی کی وجہ سے بھونیشور ہوائی اڈہ جمعہ کو مکمل طور پر بند رہا۔کولکتہ ایئرپورٹ پر آج دوپہر بعد تین بجے سے سنیچر صبح آٹھ بجے تک طیارے پرواز نہیں کرسکیں گے۔
فانی طوفان: بھونیشور ہوائی اڈہ کو زبردست نقصان
گردابی طوفان فانی سے اوڈیشہ کے بھونیشور ہوائی اڈے کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور طوفان کے گزر جانے کے بعد بھی دوپہر سے پہلے وہاں کام شروع ہونے کی امید نہیں ہے۔پریس انفورمیشن بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ستانشو کر نے ٹویٹر پر اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا “بھونیشور ہوائی اڈے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی ) کی ٹیم ان کی مرمت کر رہی ہے،۔ہفتہ دوپہر بعد ایک بجے سے طیاروں کی آمدورفت کا کام شروع ہونے کی امید ہے۔”اے اے آئی کے ایک سینئر افسر نےبتایا کہ سائنیز اور ٹرمینل بلڈنگ کو تھوڑا نقصان پہنچا ہے۔ انہیں ٹھیک کرنے میں تین چار دن کا وقت لگے گا، تاہم اس سے طیاروں کی پرواز پر اثر نہیں پڑےگا۔ انہوں نے سنیچر کی دوپہر تک آمدورفت شروع ہونے کی توقع ظاہر کی.
انڈگو کی پروازیں ہفتہ کو بھی منسوخ رہیں گی بھونیشور اور کولکاتا میں
گردابی طوفان فانی کے پیش نظر پرائیویٹ طیارہ سروس کمپنی انڈگو نے بھونیشور اور کلکتہ ہوائی اڈوں سے یہاں آنے جانے والی اپنی تمام پروازیں ہفتہ کے لئے منسوخ کر دی ہیں۔کمپنی نے جمعہ کو بتایا کہ وہ مسافروں کو بغیر کسی اضافی چارج کے اگلی پرواز میں سیٹ دے گی۔ بھونیشور، کولکتہ اور وشاکھاپٹنم سے آنے یا جانے والے مسافروں کے لئے 05 مئی تک کی ٹکٹ منسوخ کرنے پر مسافروں کو پورا پیسہ دیا جائے گا۔ ایئر لائن نے کہا ہے کہ مسافروں کو سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پروازوں کے بارے میں معلومات فراہم کرائی جاتی رہے گی۔
این ڈی آر ایف کی 65 ٹیمیں تعینات
اوڈیشہ نے آج پوری کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے زبردست گردابی طوفان فانی سے ہوئی تباہی کے بعد صورت حال سے نمٹنے اور راحت اور بچاو مہم کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) نے اپنی پوری طاقت لگادی ہے اور 65ٹیمیں تعینات کی ہیں۔این ڈی آر ایف ک یمطابق اس نے اس سے پہلے 2013میں فالن گردابی طوفان کے وقت راحت اور بچاو کے کام کے لئے 63 ٹیمیں تعینات کی تھیں۔ اس مرتبہ 65 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جن میں 38اوڈیشہ میں بارہ آندھرا پردیش میں چھ مغربی بنگال میں جب کہ اروناچل پردیش‘ ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ایک ایک اور جھارکھنڈ‘ تمل ناڈو اور کیرل میں دو دو ٹیموں کوتعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر 48ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں راحت کاموں کے لئے بھیجا جاسکے۔این ڈی آر ایف نے راحت او ربچاو کے لئے اپنے تمام وسائل کو کام پر لگادیا ہے اور وہ مقامی انتظامیہ کی ہر ضرورت پورا کرنے میں مصروف ہے۔ اب تک گیارہ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالا جاچکا ہے
’فانی‘ کے قدم بنگال کی طرف
فانی طوفان نے اڈیشہ اور آندھرا پردیش میں تو تباہی مچائی ہی، اب بنگال کی طرف اس کے قدم بڑھ گئے ہیں۔ اڈیشہ میں فانی کا اثر اب دھیرے دھیرے کم پڑنے لگا ہے اور این ڈی آر ایف کی ٹیم لوگوں کی مدد کے لیے پورے زور و شور سے جٹ گئی ہے۔ مغربی بنگال میں تیز ہواؤں اور بارش کا نظارہ تو کافی پہلے سے ہی دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن 8 بجے کے بعد وہاں مشکل حالات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ 8.30 بجے کے بعد مغربی بنگال کی کئی فلائٹس کو بھی رد کر دیا گیا ہے۔اڈیشہ میں بھبنیشور ایمس کو ’فانی‘ طوفان سے زبردست نقصان پہنچا ہے۔ مریض اور ایمس کے ڈاکٹر و ملازمین محفوظ ہیں۔ اس بات کی جانکاری پی آئی بی کے پرنسپل ڈائریکٹر ستانشوکر نے دی ہے۔
خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کی خبروں کے مطابق فانی طوفان سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ فانی کا اثر حالانکہ اڈیشہ میں اب کچھ کم ہو گیا ہے اور ہواؤں کی رفتار 245 کلو میٹر فی گھنٹہ سے گھٹ کر 175 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو چکا ہے لیکن خطرہ اب بھی برقرار ہے۔ اڈیشہ کے علاوہ فانی طوفان کی دہشت آندھرا پردیش اور بنگال میں بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ان سبھی مقامات پر این ڈی آر ایف کی ٹیم احتیاطی تدابیر کر رہی ہے۔اڈیشہ اسٹیٹ اسپیشل ریلیف کمشنر وشنوپدا سیٹھی نے بتایا کہ میں دو لوگوں کی موت کی تصدیق کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ایک شخص کی موت درخت گرنے سے ہوئی ہے جب کہ دوسرے کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔
دوسری طرف بھبنیشور سے خبر مل رہی ہے کہ وہاں کے ایک اسپتال میں صبح تقریباً 11 بجے ایک بچی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام فانی رکھا گیا ہے۔فانی طوفان کی وجہ سے اڈیشہ کی سڑکوں پر درجنوں کی تعداد میں درخت ٹوٹ کر گر گئے ہیں۔ سڑک پر سے ان درختوں کو کاٹ کاٹ کر ہٹانے کا کام تیزی کے ساتھ سیکورٹی دستے کر رہے ہیں۔ بھبنیشور میں پولس اہلکاروں کے ذریعہ سڑکوں سے ٹوٹ کر گرے درخت ہٹانے کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
مغربی بنگال میں 8.30 بجے رات میں پہنچے گا فانی
اڈیشہ کے پُری میں تیز ہواؤں نے کئی درختوں کو زمیں بوس کر دیا ہے اور کچھ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ شری کاکولم علاقے میں 20 مکانات کے منہدم ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جب کہ کچھ کو معمولی طور پر نقصان پہنچا ہے۔اس درمیان اڈیشہ میں پارادیپ محکمہ موسمیات سے منسلک آر شکلا نے بتایا کہ فانی طوفان ساحل سے صبح تقریباً 8 بجے ٹکرایا تھا اور تقریباً دو گھنٹے میں یہ پوری طرح زمین پر پہنچ گیا۔ انھوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ طوفان شمال-شمال مشرق کی سمت بڑھے گا اور اڈیشہ کے سبھی ساحلی اضلاع سے ہوتے ہوئے مغربی بنگال کی طرف بڑھے گا۔مغربی بنگال سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے فانی طوفان کی آمد کے پیش نظر اپنے سبھی انتخابی دوروں کو منسوخ کر دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مغربی بنگال میں فانی اپنے قدم رات کے تقریباً 8.30 بجے رکھے گا۔
ہوا کی رفتار بڑھ کر ہوئی 245 کلو میٹر فی گھنٹہ
فانی طوفان نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ اڈیشہ کے پُری میں ایک شخص کی موت ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پُری کے سکھی گوپال علاقہ میں پیڑ گرنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ اس وقت پُری میں فانی طوفان نے پوری طرح سے اپنا قدم رکھ دیا ہے اور اڈیشہ کے چیف سکریٹری آدتیہ پرساد پاڈھی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھبنیشور میں کر رہے ہیں۔ طوفان کی ہولناکی اور نقصانات کے تعلق سے اس میٹنگ میں جائزہ لیا جا رہا ہے۔اڈیشہ کے پُری میں ’فانی‘ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد کئی ویڈیوز سامنے آ چکے ہیں جس میں تیز آندھی اور بارش کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ درخت ہواؤں سے جھولتے ہوئے اور خطرناک آوازیں پیدا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔