راہل گاندھی نے پھر اُٹھایا سوال، ’ویکسین کہاں ہے؟‘
نئی دہلی: ملک میں کورونا ٹیکہ کاری کی سست رفتار پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر سوال اٹھاتے ہوئے مودی حکومت سے پوچھا ہے کہ آخر ویکسین کہاں ہے؟ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’وزراء کی تعداد بڑھی ہے، ویکسین کی نہیں۔‘‘ اس کے ساتھ انہوں نے ہیش ٹیگ ویئر اس ویکسین یعنی کہ ویکسین کہاں ہے کا استعمال کیا۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹر کے ساتھ این ڈی ٹی وی کی خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر ہندوستان میں کورونا کی تیسری لہر کو روکنا ہے تو دسمبر 2021 تک ملک کی 60 فیصد آبادی کی ٹیکہ کاری انجام دی جانی لازمی ہے۔ خبر کے مطابق ایک ہفتہ میں 8.8 ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جانی چاہئیں لیکن فی الحال 3.5 ملین ویکسین کی خوراکیں ہی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس طرح دسمبر تک ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔