‘لاک ڈاوٴن اور اسکےاثرات’ عنوان پر ویلفیئر پارٹی کا آن لائن سیمینار
بنگلور: ویلفیئر پارٹی آف انڈیاکی ریاستی کمیٹی کے زیر اہتمام لاک ڈاوٴن اور اسکے اثرات کے عنوان پر آن لائن سیمینار منعقدکیا گیا۔ اس سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کرناٹک جناشکتی کے ریاستی صدر شری دھر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر 2019 نومبر کے ماہ سے ہی کوروناکا عروج شروع ہوچکا تھا اوراسی وقت مرکزی حکومت کودانشمندانہ اقدامات اٹھانےچاہئے تھے لیکن حکومت نے اسکے برعکس عمل کیااورفروری 2020 کو ہمارے معزز وزیر اعظم نریندرمودی نےامریکہ کے صدرڈونالڈ ٹرمپ کو بھارت آنے کی دعوت دی اورنہ صرف اس دعوت میں سینکڑوں بین الاقوامی افراد کو شامل کیا گیا بلکہ بھارت کے لاکھوں لوگوں کوجمع کرکے عالی شان پیمانے پر انکا استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون ایک ضروری مگرعارضی قدم ہے، لیکن اس کو مکمل راحتی اقدام کہنا سراسر غلط ہوگا۔ جبکہ کورونا کو سنبھالنے اور اس پر قابو پانے کیلئے حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس وقت ملک کے بگڑے حالات کو سنبھالنے کیلئے حکومت کو فوری طور پر معیاری پیمانے والی طبی سہولیات، معیاری غذا اور معاشی مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشی طور پر بدحال عوام کی مدد کیلئےفوری طور پر فوڈ کٹس تقسیم کرنے چاہئے۔ مستقبل میں رونما ہونے والی غذا کی قلت کو روکنے کیلئے کسانوں کو سبسڈی پر بیج، کھاد اور انکے مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر موجود ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی نائب صدر تاج الدین الیکل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے ان مشکلات میںپسماندہ طبقات انتہائی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ حکومت سے روزگار ملنے کی امید بھی نہ کے برابر ہے۔ حکومت کو ان لوگوں اور غریبوں کے مفادات کو سمجھنے کی فوراً ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاشرے میں لاک ڈائون کے دوران ہر ایک کمیٹی اورسیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بدحال عوام کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئے اور تیسری لہر سے قبل ازاحتیاطی اقدامات اٹھانے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالنے کا کام ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بہترین معاشرے کی تعمیر کی کوششیں ہونی چاہئے۔ 70 لاکھ غریب خاندانوں میںریاستی حکومت کو کم ازکم 10 ہزار روپئے معاوضےجاری کرنا ہوگا۔ کوویڈسے ہلاک ہونے والے یتیم خاندانوں کو کم ازکم 5 لاکھ روپئے معاوضہ جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔ اس سیمینار میں پارٹی کے ریاستی صدر اڈوکیٹ طاہر حسین، جنرل سکریٹری ایم ایم حبیب اللہ خان، ریاستی سکریٹری عادل پٹیل سمیت دیگر موجودتھے۔