ملک کے مستقبل کیلئے موجودہ مودی ’سسٹم‘ کو نیند سے جگانا ضروری: راہل گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کی پیش گوئی کی جارہی ہے اور اس کے پیش نظر، وقت کے ساتھ بچوں کو اس وبا سے بچانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے منگل کو کورونا سے نمٹنے کی حکومت کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بچوں کو وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے مودی سرکار کو نیند سے بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت علاج کا پختہ انتظام کیا جا سکے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آنے والے وقت میں بچوں کو کورونا سے محفوظ کرنا ہوگا۔ پیڈٹرک صحت سہولیات اور ویکسین-علاج کے لئے پروٹوکول ابھی سے تیار ہونے چاہییں۔ ملک کے مستقبل کے لئے موجودہ مودی ’سسٹم‘ کو نیند سے جگانا ضروری ہے۔‘‘
کیا یوپی حکومت تیسری لہر کیلئے راستہ بنا کر پھر اِس سے لڑے گی؟ پرینکا گاندھی
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹئوٹ کیا، ’’بجنور کی 32 لاکھ آبادی پر روز محض 800-1000 آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ ہائی کورٹ نے کہا بجنور جیسے ضلع میں ہر روز 4-5 ہزار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ہونے چاہئیں ورنہ ہم تیسری لہر کو دعوت دے رہے ہیں۔ کیا یوپی حکومت تیسری لہر کے لئے راستہ بنا کر پھر اس سے لڑنے کی تیاری کر رہی ہے؟‘‘