عیدگاہ بیدر میں اس سال نما زعیدالفطر نہ پڑھائے جانے کاافسوس رہے گا: عامر پاشاہ سکریڑی
بیدر: 22مئی (وائی آر) جناب محمد عامرپاشاہ سکریڑی عیدگاہ کمیٹی محمد آباد بیدر شریف نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے بتایاہے کہ کرناٹکا اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف بنگلورنے ایک حکمنامہ نمبر KSBA/ADM/21/2016-17Dated:20-05-2020 جاری کرکے ریاست کرناٹک کے تمام اوقافی اداروں یعنی مساجد، درگاہ، عیدگاہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ کوویڈ۔ 19(کوروناوائرس)اور لاک ڈاؤن کے سبب مذہبی اجتماعات پرپابندی عائد ہے۔ جس کے سبب جمعتہ الوداع، اور عیدالفطر کی نماز مساجد، درگاہ یا عیدگاہ میں ادا نہیں کی جاسکے گی۔عید کے دن مصافحہ اورمعانقہ کرنے یا کنٹینمنٹ علاقہ میں عید ملنے جانے پربھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اسی حکمنامے کے پیش نظر یہ بات اہلیان بیدر کو پہنچاتے ہوئے عیدگاہ کمیٹی بیدر حددرجہ مغمو م ہے اور خدا کے حضور اپنی توبہ پیش کرتی ہے کہ نہ جانے وہ کیا مصلحت یاکون سی آزمائش ہے کہ جس کو اللہ تعالیٰ نے ہمارے سامنے رکھاہے اور ہم اہلیان بیدر عیدگاہ بید رمیں نماز عید الفطر، ہرسال کی طرح اجتماعی طورپر اس سال نہیں پڑھ سکیں گے۔انا للہ واناالیہ راجعون۔صرف اللہ تعالیٰ ہی ہمیں اس آزمائش سے نکالنے والا ہے۔ انھوں نے بتایاکہ اولڈ سٹی اور نیوسٹی کے کئی علاقے کنٹینمنٹ ائریا قرار دئے گئے ہیں۔اس موقع پر ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہم پر سے کوروناوائرس کی وبا ء کو ختم کردے اور ہماری مسجدیں، ہمارے عیدگاہ ہم پر نماز پڑھنے کے لئے کھول دے۔
جناب عامر پاشاہ سکریٹری عیدگاہ بیدر نے اہلیان بیدر خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علمائے کرام کی دی گئی رہنمائی کو اپنے لئے کافی تصورکرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں نما زِ شکرانہ اداکریں۔ خدا کے حضور ندامت کااظہا رکرتے ہوئے جانے انجانے میں ہونے والے گناہوں کی معافی چاہیں اور تمام عالم سے کوروناوائرس کی وبا ختم ہونے کی دعا فرمائیں۔اللہ ہماراحامی وناصر ہو۔ ہم میں اتحا دواتفاق کو اللہ تعالیٰ جاری وساری فرمادے۔ آمین