جماعتِ اسلامی ہند، شہر بیدر کی دردمندانہ اپیل
بیدر: 24/اپریل (پی آر) انجنیئر سیدعبدالستار امیر مقامی جماعتِ اسلامی ہند، شہر بیدر نے میڈیا کو جاری ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ کورونا وائرس کی بیماری سے اس وقت پوری دنیا پریشان ہے۔ ہمارے ملک میں بھی تباہی مچی ہوئی ہے۔اس مرض سے متاثر بیماروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ دواخانوں میں بستر کی کمی اور آکسیجن کی قلت ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سےعوام میں دہشت مچی ہوئی ہے۔ پورے ملک کی طرح ہماری ریاست اور ہمارے اپنے شہر میں بھی حالات بہت پریشان کن ہیں۔ اچانک اموات ہو رہی ہیں، نا پیسہ کام آرہا ہے اور نہ ہی اثر ورسوخ۔ بلاشبہ یہ بہت بڑی قدرتی آفت ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم تمام بندگانِ خدا کو اپنی پناہ میں لے لے اور اس آفت سے بچائے۔ آمین!
موصوف نے اپنے بیان میں تین اہم نکتوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ ایسے حالات میں ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ان باتوں کا خاص خیال رکھیں۔
1-کورونا وائرس کی بیماری سے بچاوٴ کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر کا استعمال ضرور کریں۔ ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھو لیا کریں، سماجی دوری برقرار رکھیں، گھروں میں رہیں۔ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، سخت ضرورت پڑنے پر ہی تمام احتیاطی تدابیر اور باتوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے باہر نکلیں۔ کھانسی، بخار، زکام یا کسی علامت کے ظاہر ہونے پر فوری دوا خانے اور ڈاکٹرسے رجوع ہوں اور اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیں اور ڈاکٹرس کی ہدایات کے مطابق ضروری علاج کرلیں، بے احتیاطی سے بچیں اوراللہ تعالی کے اس حکم کو بھی یاد رکھیں۔
"اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو” ( البقرہ : ۱۹۵)
2-تمام احتیاط کے باوجود متاثرہ لوگوں کی ہر طرح کی مدد کے لیے آگے آنا وقت کی اہم ضرورت ہے پریشان حال لوگوں کی مدد کو اپنا بنا لیں اس معاملے میں بلا لحاظ مذہب و ملت ہر پریشان حال کی مدد کے لیے اپنے آپ کو پیش کرنے کی ضرورت ہے تمام طرح کے احتیاط برتیں اور اللہ پر توکل کرتے ہوئے لوگوں کی امداد کریں اور اللہ تعالی کے اس فرمان کو بھی یاد رکھیں کہ
"جس نے ایک انسان کی جان بچائی، اُس نے گویا ساری انسانیت کی جان بچائی۔” (المائدہ:32)
3-بحیثیت مسلمان ہم اِن پریشان کُن حالات اور آفت سے بچنے کیلئے اللہ سے مدد و استعانت طلب کریں اور اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔ ان حالات سے سبق لیتے ہوئے اللہ سے اپنے تعلق کومضبوط بنائیں، اللہ کی کتاب قرآن سے وابستہ ہوجائیں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے اور سنت کو اپنائیں، ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس طرف متوجہ کریں اور بندگان خدا کو بھی اللہ کی بندگی اختیار کرنے اوراُسی کا دامن تھامنے کی طرف متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین!