اسکوٹی پارکنگ تنازعہ:پرانی دہلی میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ، حالات قابو کرنے کی پولس کی کوششیں جاری
بجرنگ دل کے کئی کارکنان علاقے میں پہنچ کر مقامی ہندوؤں کو مشتعل کر رہے ہیں.
پرانی دہلی میں اسکوٹی پارکنگ کو لے کر ہوئے شروع تنازعہ میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پرانی دہلی کا ماحول کشیدہ ہو رہا ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولس کی کوششیں جاری ہیں۔ علاقے کے کچھ معزز حضرات بھی دونوں گروپ کو سمجھانے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن بات بنتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ علاقے میں کچھ باہر کے لوگ بھی آ گئے ہیں جو کہ حالات کو مزید کشیدہ بنا رہے ہیں۔ خبریں تو یہاں تک ہیں کہ کچھ لوگ شام 6 بجے اس مندر کے پاس ہنومان چالیسہ کا پاٹھ پڑھنے والے ہیں جہاں مبینہ طور پر پتھر بازی ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق بجرنگ دل کے کئی کارکنان علاقے میں پہنچ کر مقامی ہندوؤں کو مشتعل کر رہے ہیں اور کسی بھی حال پیچھے نہیں ہٹنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ بجرنگ دل کارکن سنیتا سنگھ اس معاملے میں پیش پیش ہیں اور وہ مقامی ہندوؤں سے کئی مرتبہ یہ کہتی ہوئی نظر آئیں کہ مندر کو جو نقصان پہنچا ہے وہ ناقابل برداشت ہے اور قصورواروں کی گرفتاری جب تک نہیں ہوتی تب تک مظاہرہ جاری رکھا جائے۔ اس درمیان سنیتا سنگھ کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے پولس نے انھیں اور کچھ دیگر افراد کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔