ریاستوں سےمہاراشٹرا

میراروڈ میں جماعتِ اسلامی نے کووِڈ-19 مریضوں کیلئے جاری کیا ہیلپ لائن ‎

میراروڈ: 21/اپریل (ایس ایم ایس) گزشتہ دنوں میراروڈ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی اضافہ ہوا ہے ۔ کووِڈ کے مریضوں میں اچانک اضافہ سے طبی سہولیات ناکافی دکھائی دیتی ہیں۔اسپتالوں میں بیڈ کی کمی محسوس ہورہی ہے۔آکسیجن کے سلنڈر کم پڑ رہے ہیں ۔ مریضوں کے رشتے دار اپنے مریضوں کو لے کر ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال کے چکّر کاٹ رہے ہیں۔ افراتفری کے اس ماحول میں کسی کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔ ایسے حالات میں جماعتِ اسلامی میراروڈ نے میراروڈ اور بھائندر کی سطح پر معلومات فراہم کرنے کے لئے ایک ہیلپ لائن جاری کی ہے۔

ہیلپ لائن کے اجراء کے موقع پر جماعتِ اسلامی میراروڈ کے امیر محمد عطاء الحق قاضی نے بتایا کہ اس وقت صورتحال بڑی تشویشناک ہے اور میراروڈ میں کورونا وائرس کے متاثرین میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے مگر ناکافی طبی سہولیات کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم ہیلپ لائن جاری کی ہے تاکہ مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو صحیح معلومات فراہم کی جائے اور انھیں پریشان ہونے سے بچایا جاسکے۔ ہیلپ لائن کن کن باتوں میں رہنمائی کرے گی اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ہیلپ لائن بنیادی طور پر چار باتوں پر رہنمائی کرے گی ۔سب سے پہلے میرابھائندر میں موجود سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں میں کووِڈ کے علاج کے مختص اسپتالوں کی نشاندھی اور خصوصی طور سے بنائے گئے کووِڈ سینٹر کی نشاندھی کی جائے گی۔

دوسری اہم معلومات اسپتالوں میں کووِڈ مریضوں کے لئے دستیاب بیڈ کی تفصیل بتائی جائے گی ۔ تیسری اہم ضرورت آکسیجن سلنڈر کی دستیابی ہے ہم لوگوں کو گائیڈ کریں گے ۔ میراروڈ میں بہت سی غیر سرکاری تنظیموں نے آکسیجن سلنڈر فراہم کرنا شروع کیا ہے ہم ان کی معلومات فراہم کریں گے ۔ اس کے علاؤہ مریضوں کو لانے لیجانے کے لئے ایمبولینس کی ضرورت پڑتی ہے اس لئے ہم میونسپل کارپوریشن کے ایمبولینس ڈپارٹمنٹ سے ربط میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ پر بیڈ دستیاب دکھائی جاتی ہے مگر حقیقت میں بیڈ ملتی نہیں ہے۔ اس لئے اسپتالوں میں بات کرنی پڑتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی معلومات کا ذریعہ کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر کے میرابھائندر میونسپل کارپوریشن سے بہت سی معلومات اکھٹا کی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ساری معلومات صرف میراروڈ اور بھائنڈر تک محدود ہے اس لئے ہم صرف میرابھائندر والوں کو ہی خدمات فراہم کر سکیں گے ۔عطا الحق قاضی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے مسلسل لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ہزاروں خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔

میراروڈ کی سطح پر خدمت کے کاموں منظم کرنے کے لئے اس سبھی غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی میونسپل کمشنر سے ملاقات کرنے والے ہیں اور کووِڈ سینٹر میں اضافہ اور آکسیجن سلنڈر کی دستیابی کے لئے مطالبہ کرنے والے ہیں۔

کووڈ ہیلپ لائن کے لئے درج ذیل نمبر دیا گیا ہے 9223252688 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!