ریاستوں سےمہاراشٹرا

ویرار: انجمن اُردو ہائی اسکول ٹرسٹ کی جانب سے راشن کِٹس تقسیم کا کام جاری

ویرار: 21/اپریل (ایس ایم او) ملک ان دنوں وبا کے سخت ترین دور سے گزر رہا ہے۔ ملک بھر کی کئی ریاستیں ایک دفعہ پھر لاک ڈاؤن کی نذر ہیں، جن میں سے ایک ریاستِ مہارشٹر بھی ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب لوگوں کی آمدنی اور گھر خرچ کافی متاثر ہیں اور تو اور جو لوگ روز کما کر اپنا اور اپنے کنبہ کا پیٹ پالتے ہیں انکے لئیے بھی مزید دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایسے میں ویرار مشرق کے انجمن اردو ہائی اسکول ٹرسٹ کی جانب سے لوگوں کی فلاح کی خاطر راشن کٹ تقیسم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ پورا عمل تین دن پر مشتمل ہے، جس میں دو دن اسکول کے ضرورت مند طلباء کے لئے اور ایک دیگر ضرورت مند افراد کے لئے تاکہ احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی دوری بنی رہے اور لوگ زیادہ جمع نہ ہوں۔

اس بابت ہم نے ویرار میں ایک مشہور اسکول کے ذمہ داران اور دیگر کارکنان و اساتذہ اکرام سے بات چیت کی۔ اسکول کے ٹرسٹی ایڈوکیٹ خلیل شیخ نے بتایا کہ ” ہم ہر سال ماہِ رمضان میں افطار کا اہتمام کیا کرتے تھے لیکن اس سال حالات کی شدت کے مدنظر اسکول ٹرسٹ کی جانب سے راشن کِٹس کی تقسیم کا فیصلہ لیا گیا ہے، اس پورے عمل میں اسکول کے اساتذہ سمیت غیر تدریسی عملہ بھی دل و جان سے سرگرم ہے۔” اسکول ٹرسٹ کے کمیٹی ممبر محسن شیخ نے بتایا کہ ” کل 500 راشن کِٹس تقسیم کئے جارہے ہیں، جن میں 300 کِٹس اسکول کے ضرورت مند طلباء و طالبات کے لئے ہیں اور بقیہ 200 کِٹس اسکول کے علاوہ دیگر مسحق افراد کے لئے مختص ہیں۔”

ضرورت مند طلباء کے متعلق سوال کرنے پر رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ایک استاذہ نے جواب دیا کہ ” ہم سال کی ابتداء سے ہی ایسے طلباء کی ایک فہرست بنا لیتے ہیں جو مالی طور نہایت ہی کمزور ہیں اور ان سے وقتاً فوقتاً رابطے میں رہتے ہیں، جسکی وجہ سے ہم انکے حالات سے آگاہ ہوتے ہیں تاکہ انہیں امداد پہنچانے میں آسانی ہو۔” اسکول کے پرنسپل اشفاق سر کا کہنا ہے کہ ” یہ پورا عمل بالکل منظم طریقے سے حکومت کی ہدایات کے مطابق جاری ہے۔ ” موقع پر موجود ضرورت مند افراد جو راشن کِٹس لے رہے تھے ان سے بھی بات چیت کی گئی جن میں سے ایک نے دورانِ گفتگو کہا کہ ” اس راشن کٹ سے ہماری تمام پریشانیاں تو نہیں دور ہونگی لیکن کچھ آنسو پُچھیں گے۔ “

راشن کِٹس میں چینی، تیل، دالیں، چاول، آٹا جیسے بنیادی غذائی اجناس موجود ہیں اور ساتھ ہی ساتھ رمضان کی مناسبت سے کھجور اور روح افزاء شربت کی بوتلیں بھی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!