ضلع بیدر سے

مختصرتعارف: امیرمقامی جماعت اسلامی ہند، شہر بیدر انجنیئرسید عبدالستار

بیدر: 19/اپریل (اے این این) امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے جماعت کی 4 سالہ میقات کے دوسری 2 سالہ معیاد اپریل 2021 تا مارچ 2023 کے لئے جماعت کے مقامی ارکان کی رائے اور مصالح جماعت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مقامی امراء کا تقرر فرمایا ہے۔ شہر بیدر کی مقامی جماعت کے لئے بحیثیت امیر مقامی انجنیئر سید عبدالستار کا تقرر کیا گیا ہے۔

انجنیئر سید عبدالستار کاآبائی وطن بھالکی ہے، وہ گذشتہ میقات سے شہر بیدر میں مقیم ہیں اور مقامی جماعت میں شوری کے رکن اور شعبہٴ قیام عدل وقسط کے ناظم رہے۔ ڈپلوما ان سول انجینئرنگ میں تعلیم مکمل کی، محکمہ PWD میں 37 سال 5 ماہ تک اپنی ایماندارانہ خدمات اور پیشہ وارانہ فرائض انجام دے کر بحیثیت اسسٹنٹ ایکزیکیٹیو انجنئیر (AEE) والنٹری طور پر گزشتہ سال دسمبر 2020 میں اپنے عہدہ سے سبکدوش ہوئے۔ پیشہ وارانہ طور پر علاقہ کے نامور انجنیئرس میں آپ کا شمار ہوتا ہے۔

ملنساری اور خاموش مزاجی آپ کی شخصیت کے نمایاں پہلو ہیں، جماعت کے کاموں کو لے کر ہمیشہ متفکر اور عملی میدان میں جماعت اور اسلام کے نمائندہ کے طور پر کام کرنے کو ضروری سمجھتے ہیں۔ مذہبی و دینی جماعتوں کے ساتھ مل کر اُمت مسلمہ کی اصلاح و دعوتی کام کی تڑپ رکھتے ہیں۔ ذمہ دارانِ ملت بالخصوص علمائے اکرام اور نوجوانوں کا بڑا احترام کرتے ہیں۔ ان کی فکری و عملی زندگیوں میں انقلاب کے خواہاں ہیں۔

انجنیئر سید عبدالستار سن 1996 میں جماعت اسلامی کے باضابطہ رکن بنے، تقریبا 2009 تک جماعت اسلامی ہند بھالکی کے امیر مقامی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ تحریک کے سفر میں ابتدا ہی سے مولوی محمد فہیم الدین صاحب سے قربت اور ان کی زیر تربیت رہے، پھر ساتھ ہی انھوں نے مولوی ظفر اللہ خان صاحب، محترم سید جمیل ہاشمی صاحب، سید ساجد سلیم صاحب اور محترم ابرار خان صاحب کے صحبتوں کے علاوہ مرحوم اقبال عالم صدیقی صاحب سے بھی خصوصی طور پر استعفادہ حاصل کیا۔

انجنیئرسید عبدالستار کا امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، شہر بیدر مقرر کیے جانے کے بعد انہوں نے کہا کہ ‘میں اپنی ساری کوتاہیوں اور کمزوریوں کے باوجود اپنے حق میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی مجھے عمل کی توفیق دے اور ہمیں دین کے کاموں میں مسلسل جدوجہد کے ساتھ تحریک اسلامی کے نصب العین اقامتِ دین کے نفاذ کی کوشیشوں میں قبول فرمائے اور اس کے لیے منظم طور پر اپنے آپ کو متحرک و فعال رکھنے میں اور وابستگان جماعت و امت مسلمہ کی فکری ودعوتی جدوجہد میں ایک دوسرے کا معاون و مددگار بنائے۔ آمین!’

انہوں نے اس موقع پر تمام وابستگانِ جماعت اسلامی اور خیر خواہان جماعت سے اس ذمہ داری کی کماحقہ ادائیگی کے لیے دعا کرنے اور اسلامی کاذ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اپنی بساط بھر کوشش کرنے، خصوصی طور پر اقامت دین کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے میں ان کا بھرپور تعاون دینے کی امید ظاہر کی اور دعا کی درخواست کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!