ضلع بیدر سے

سیّد ذوالفقار ہاشمی سابق رکن اسمبلی بیدر کو سوگواروں نے بہ دیدہ نم سپرد لحد کیا

بیدر: 20/اپریل (اے ایس ایم) مجاہد قوم وملت جناب سیّدذوالفقار ہاشمی سابق رکن اسمبلی بیدر کا مختصر سی علالت کے بعد بعمرتقریباً 54سال باعارضہ کڈنی حیدرآباد کے خانگی دواخانہ وقت سحر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ ان کی نمازجنازہ آج بعدنمازظہر جامع مسجد بیدرمیں مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی خطیب جامع مسجد بیدرکی امامت میں ادا کی گئی اور تدفین احاطہ قبرستان گبندان سلاطین بہمنیہ کے دامن میں ہزاروں سوگواروں کی موجود گی میں بہ دیدہ نم عمل میں آئی۔

مرحوم 1994میں بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے منتخب ہوکر ریاستی سطح پر اپنی ایک الگ پہچان بنائی تھی۔ مرحوم مسلمانوں میں مذہبی، سیاسی، سماجی شعور لانے میں اپنا نمایاں کردار اداکیا۔ انہوں نے دلت مسلم اتحاد کومستحکم اورمضبوط کرنے میں تادم آخر جدوجہد کرتے رہے۔ مرحوم اپنے حلقہ میں ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کوانجام دیتے ہوئے سابق اور موجودہ عوامی نمائندوں کے لیے مشعل راہ رہے۔

مرحوم سیّدذوالفقارہاشمی تعلیم صدیق شاہ بیدر میں اُردو ہال کا قیام عمل میں لایا، کئی غیرآباد مساجد کو آباد کیا اور کئی مساجد کا سنگ بنیادرکھتے ہوئے اس کی تعمیر میں بھر پور حصہ لیا۔ بابری مسجد، یکسا سیویل کوڈ،این.آر.سی.، تحفظ شریعت، جان سے پیاری ہماری شریعت،یوم پیدائش حضر ت ٹیپو سلطان شہیدؒ، درگاہ حضرت سیّدحنیف سیدالسادات ؒ کے احتجاجی جلسے اور جلوسوں کی نہ صرف قیادت کی بلکہ ایوانوں میں مسلمانوں کے مسائل اس بے باکانہ انداز میں اٹھاکر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جس سے ان کے مخالفین بھی ان کی ستائش کرتے ہوئے قائل رہے۔

نماز ظہر سے قبل مولانا مفتی سیّدسراج الدین نظامی نے مصلیان مسجد کو مخاطب کرتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا اللہ کے نیک بندے کے انتقال کا مطلب لباس ہستی کو بدلناہوتایہ اپنے رب سے ملاقات کا اشتیاق رکھتے ہیں اسی لیے وصال کہاجاتا ہے۔ سیّد ذوالفقار ہاشمی سابق رکن اسمبلی جہاں ایک بے باک قائد تھے وہیں ایک انہتائی ہمدرد انسان بھی تھے۔ آپ نے اپنے دوراقتدار میں ریاست کرناٹک بالخصوص بیدر کی عوام کے لیے بے مثال کارنامے انجام دیئے ہیں۔ آپ کا انتقال اہلیان بیدر کے ایک عظیم نقصان ہے۔

جلوس، نمازجنازہ اورتدفین کے موقع پرتلنگانہ،مہاراشٹرا، گلبرگہ،بنگلور، حیدرآباد،رائچور، بیجاپور، ظہیرآباد، شولاپورچٹگوپہ ضلع بھر کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین موجودہ وسابقہ عوامی نمائندے دینی ملی تعلیمی ادارہ جات کے ذمہ داران کے علاوہ ہزاروں دوستوں واحباب نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کے برادران جناب سیّدغالب ہاشمی،سیّدسرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ، سیّدطالب ہاشمی، فرزندان سیّدطلحہ ہاشمی ایڈوکیٹ، سیّد طحہ ٰ ہاشمی کو پرسہ دیتے ہوئے صبرکی تلقین کی۔

فاتحہ سوم 21/اپریل بروزچہارشنبہ بعدنمازظہر تا عصر تلاوت قرآن مجید بمقام کالی مسجد منیار تعلیم، بید ر مقرر ہے بعدنمازعصر فاتحہ خوانی و پیشکشی چادر گل مزار مرحوم ومغفور عمل میں آئیگی۔ جناب حافظ سیّدعمر ہاشمی بانی ناظم،محمدعبدالصمدمنجووالا معتمد جامعہ ہاشمیہ نے تمام آئمہ مساجد سے گذارش کی ہے کہ نمازوں کے موقع پر دعائے مغفرت کا اہتمام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!