خبریںقومی

مولانا ولی رحمانی ؒ کی رحلت، ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان: امیر جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی: 3/اپریل (پی آر) ”مولانا ولی رحمانی صاحب رحمتہ اللہ علیہ کی رحلت ۔ ملت اسلامیہ ہند کا بہت بھاری نقصان ہے۔ مولانا مرحوم نے مشکل اور چیلنجنگ حالات میں جس جرأت و حوصلے کے ساتھ اور جس سرگرمی کے ساتھ امت کے مختلف مسائل کو حل کرنے کی کوششیں فرمائیں، اس کے لئے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے” یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مولانا ولی رحمانی کی وفات پر میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی خدمات متعدد میدانوں پر محیط ہیں۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے شریعت کے تحفظ کی خاطر متعدد مہمات چلائیں اورسرکاری چیرہ دستیوں اور میڈیا کے گمراہ کن پروپگنڈے کا بڑے حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا۔ تعلیمی محاذ پر رحمانی فاونڈیشن اور رحمانی ۳۰ جیسے پروگراموں کے ذریعہ ملت کے ہونہار فرزندوں کو ملک کے باوقار تعلیمی اداروں تک پہنچایا اور اعلیٰ پروفیشنل تعلیم کی راہیں ہموار کیں۔

ان کے علاوہ خانقاہ رحمانیہ کے تحت اصلاح معاشرہ اور تزکیہ و تربیت، امارت شرعیہ کے تحت کئی ریاستوں میں ملت اسلامیہ کی رہنمائی، بہار میں مسلمانوں کی سیاسی قیادت و نمائندگی، مدارس کے تحفظ کے لئے ان کی کوششیں اور اردو زبان کی ترقی کے لئے ان کی جدوجہد، یہ سب مرحوم کی گراں قدر کوششوں کے میدان رہے اور ان سب محاذوں پر انہوں نے اپنی مسلسل کوشش و جدوجہد سے اہم کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

مرحوم نے جس طرح مسلم پرسنل لا بورڈ میں خواتین کو آگے بڑھایا اور شریعت کے تحفظ کی خاطر خواتین کے اندر تحریک پیدا کی، وہ بھی ان کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولانا ولی رحمانی صاحبؒ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ ان کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے اور ملت اسلامیہ ہند کو نعم البدل عطا فرمائے۔ ہم مرحوم کے صاحبزادگان، ان کے مریدین، اور تمام متعلقین سے تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!