آہ! معروف عالم دین مولانا محمد ولی رحمانی نہیں رہے
ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا محمد ولی رحمانی ہفتہ کے روز انتقال کر گئے۔ مولانا گذشتہ کئی دنوں سے سخت علیل تھے اور کورونا سے بھی متاثر ہو گئے تھے۔
نئی دہلی: ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا محمد ولی رحمانی ہفتہ کے روز انتقال کر گئے۔ مولانا گذشتہ کئی دنوں سے سخت علیل تھے اور کورونا سے بھی متاثر ہو گئے تھے۔ مولانا ولی رحمانی امیر شریعت اور خانقاہ رحمانی مونگیر کے روح رواں تھے۔ ان کی نمازہ جنازہ مونگیر میں ادا کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق مولانا ولی رحمانی کا انتقال 3 اپریل کو 2 بج کر 50 منٹ پر ہوا اور ان کی عمر 77 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانس لینے میں تکلف کی وجہ سے انہیں دخل اسپتال کیا گیا تھا۔ وہ شروع سے آئی سی یو میں داخل تھے ، تاہم ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوتی گئی۔
مولانا محمد ولی رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری اور امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ کے امیر شریعت تھے۔ ان کا شمار ہندوستانی مسلمانوں کے قدرآور لیڈران میں ہوتا تھا۔ مولانا کی پیدائش 5 جون 1943 کو ہوئی تھی۔
مولانا ولی رحمانی اس وقت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ رحمانی 30 کے بانی بھی ہیں، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عصری تعلیم کے متعدد شعبوں میں معیاری اعلی تعلیم و قومی مقابلاجاتی امتحانات کے لئے طلباء کو تیار کیا جاتا ہے۔ اس ادارے سے ہر سال نیٹ اور جے ای ایس میں 100 سے زائد طلباء منتخب ہوتے ہیں۔