ضلع بیدر سے

چٹگوپہ میں مفت ختنہ کیمپ کا انعقاد، 196بچے مستفید

بیدر: یکم/ اپریل (اے ایس ایم)جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ ضلع بیدر میں ”شعبہ خدمت خلق“کے تحت فری ختنہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں شہر چٹگوپہ کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیہات کے 196/ بچے مستفید ہوئے، ماہر ختنہ ڈاکٹر احمد نے اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ ختنہ کے عمل کو بحسن خوبی انجام دیا ”شعبہ خدمت خلق“ کی جانب سے بچوں کو انجکشن، دوائیاں،جوس، بسکٹ، فروٹ کھلونے اور تہہ بند بھی مفت دئے گئے۔اس کیمپ کا افتتاح مولانا محمد تصدق ندوی بانی مہتمم جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ کی دعاء سے ہوا،مولانا بابار پاشاہ نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر احمد نے بچوں کے سرپرستوں کو ختنہ کے موقع پر خاص ہدایتیں دیتے ہوئے کہا کہ ختنہ کاعمل انتہائی نازک ہوتا ہے ذرا سی غفلت بچے کو ہلاکت میں ڈال سکتی ہے، لہٰذا اس کے لئے ماہر فن اور تجربہ کار ڈاکٹر کا ہونا بہت ضروری ہے،الحمد للہ 22 /سال کا عرصہ ہوچکا،ہزاروں کی تعداد میں ختنہ کرنے کا موقع ملا اور بفضل تعالیٰ کبھی نا کامی نہیں ملی،آج کے دور میں جدید ٹیکنیک کے تحت رنگ کے ذریعہ جو ختنہ کی جارہی ہے وہ بچے کیلئے انتہائی سہولت بخش اور آرام دہ ثابت ہورہی ہے اور دنیا بھر کے ماہر ڈاکٹرس نے اس طریقہ کار کو بے حد پسند بھی کیا ہے، ختنہ کے بعد چند ہی دنوں میں رنگ سوکھ کر خود بخود جھڑ جاتی ہے۔

مولانا محمد تصدق ندوی نے کہا کہ اسلام ایک پاک صاف مذہب ہے، اسی لئے پاکی کو آدھا ایمان بتایا گیا ہے اور پاکی کا اہم ذریعہ ختنہ ہے جس میں کئی ایک مہلک بیماریوں سے حفاظت ہے، یہی وجہ ہے کہ غیر مسلمین بھی ختنہ کروا رہے ہیں، اس موقع پر سید راشدعلی پٹیل صدر ادارہ نے فرمایا کہ جامعہ نورالاسلام چٹگوپہ تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً فلاحی و سماجی خدمات بھی انجام دیتا ہے اور اس کے تحت اہل خیر حضرات کو توجہ دلا کر خدمت خلق کے مختلف کام انجام دئے جاتے ہیں۔

محمداسلم میاں معتمد نے ڈاکٹر صاحب کا اس عظیم خدمت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، کیمپ کے کامیاب انصرام کیلئے ادارہ کے طلباء و اساتذہ کی بھر پور کاوشیں کار فرما رہیں، اس موقع پرمولانا بابر پاشاہ،حافظ اسلم پاشاہ، حافظ محمد شریف،مولانا محمدفیصل نواز، محمد خواجہ پاشاہ امامی،محمداکبرحسین امامی،محمدفیضل المین، محمدمعزالدین قادری موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!