ڈاکٹر محبوب راہی کوعالمی مظفر حنفی ایوارڈ کا اعلان
عالمی تحریک اردو نے کیا مایہ ناز علمی ،ادبی، خدمات کا اعتراف
کھام گاؤں: 30/مارچ- مہاراشٹر کی معروف علمی ، ادبی شخصیت ڈاکٹر محبوب راہی کو انکی گراں مایہ ناز علمی ، ادبی خدمات کے اعتراف میں پہلا مظفر حنفی عالمی ایوارڈ 2021 ، سے نوازا ہے۔ جس سے پورے ملک کے علمی ، ادبی حلقوں میں خوشی پائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی سطح پر اردو کی بقا و فلاح کے لئے "عالمی تحریک اردو” عالمی سطح پر کام کررہی ہے ۔ جس میں ملک و بیرون ممالک کی معروف علمی ادبی شخصیات موجود ہیں۔معلوم رہے کہ گزشتہ سال 2020 میں پروفیسر مظفر حنفی کے انتقال کے بعد "عالمی تحریک اردو ” نے تعزیتی اجلاس منعقد کیا تھا۔
اس موقع پر یہ طے پایا تھا کہ آئندہ سال 2021 سے مظفر حنفی کی یاد میں عالمی سطح پر "مظفر حنفی عالمی اردو ایوارڈ” دیا جائیگا۔ اسی کے تحت "عالمی تحریک اردو” کے بین الاقوامی صدر ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی نے پہلے مظفر حنفی عالمی اُردو ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔ جس کے لئے عالمی تحریک اردو کی مشاورتی کمیٹی نے عالمی شہرت یافتہ شاعر ، ادیب ، و نقاد ڈاکٹر محبوب راہی کا نام تجویز کیا تھا۔ موصوف کو یہ ایوارڈ یکم اپریل کو دیا جائیگا۔
ڈاکٹر محبوب راہی کا تعلق دبستان برار سے ہے۔ موصوف کی علمی ادبی خدمات کیسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ اردو ادب کے دونوں شعبوں نثر و نظم میں موصوف کی 50 سے زائد تصانیف شائع ہوچکی ہیں۔ موصوف کو اس سے قبل بھی کئی عالمی، قومی، ریاستی ایوارڈس مل چکے ہیں۔ عالمی تحریک اردو کے پہلے "مظفر حنفی عالمی اُردو ایوارڈ ” کے لئے ڈاکٹر محبوب راہی کے نام کا اعلان ہونے سے انکے چاہنے والوں میں خوشی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ لوگ انہیں مبارکباد کے ساتھ ساتھ انکی صحت یابی کیلئے دعا بھی کررہے ہیں۔(رپورٹ: واثق نوید)