مظفرنگر فسادات کے 75مقدمات واپس لینے کے خلاف عدالت میں چیلنج کریں گے: SDPI
نئی دہلی30/مارچ (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ 2013کے مظفر نگر فسادات سے متعلق بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی سمیت 51ملزمین پر درج 75مقدمات واپس لینے کے خلاف ایس ڈی پی آئی عدالت میں چیلنج کرے گی۔ محمد شفیع نے مزید کہا ہے کہ مظفر نگر فسادات کے سلسلے میں فوجداری مقدمات کا واپس لیا جانا انصاف سے انکار اور فسادیوں، سازشیوں اور مجرموں کی حفاظت کے اقدام کے سو ا کچھ نہیں ہے۔اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت ان اراکین پارلیمان، اراکین اسمبلی اور بی جے پی رہنماؤں کو بچانے میں لگی ہوئی ہے جو مظفر نگر میں فسادیوں کو لوٹ مار، آتش زنی اور قتل کرنے کیلئے اکسانے والے اہم مجرم تھے۔ مظفر نگر فسادات کے مقدمات میں تیزی لانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کے بجائے اتر پردیش حکومت اس طرح کی گھٹیا چالوں سے مقدمات کو ختم کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2013میں ہوئے مظفر نگر فسادات آزاد ہندوستان کی تاریخ کے دہشت ناک فرقہ وارانہ فسادات میں سے ایک تھا جس میں 65افراد ہلاک، 92زخمی اور 50ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے تھے جس کی ملک کے اندر اور باہر بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی تھی۔ ایک اور حقیقت یہ تھی کہ اتر پردیش کے وزیر اور تھانہ بھون کے ایم ایل اے سریش رنا، سردھانا بی جے پی کے ایم ایل اے سنگیت سوم، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھرتینڈو سنگھ، مظفر نگر صدر ایم ایل اے کپل دیو اور وی ایچ پی لیڈر سادھوی پراچی نے ناننگلا منڈور مہا پنچایت میں تشدد کی ترغیب دیتے ہوئے اشتعال انگیز اور پرتشدد تقاریر کرکے لوگوں کو مظفر نگر کے مسلمانوں سے بدلہ لینے کیلئے اکسایاتھا۔ ملزمین کو آئی پی سی سیکشن 188(مہلک ہتھیاروں سے لیس غیر قانونی طور پر جمع ہونا)، دفعہ 353(سرکاری ملازم پر حملہ کرنا، فرائض کی انجام دہی سے روکنا)، 153A(دانستہ طور پر مذہبی منافرت پھیلانے اور رسواکن کارروائیاں کرنے)، 341اور435 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے اس بات کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش حکومت مظفر نگر فسادات کے سلسلے میں 510فوجداری مقدموں کے خلاف 175چارج شیٹ داخل کرکے فرقہ وارانہ غنڈوں اور مجرموں کی حمایت کرنے والی امتیازی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ محمد شفیع نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی 51ملزمان کے خلاف درچ 75فوجداری مقدمات کو واپس لینے کے خلا ف عدالت میں چیلنج کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے گی۔