’جس طرح یہودہ نے عیسیٰ مسیح کو دھوکہ دیا، اُسی طرح LDF-UDF نے کیرالہ کے عوام کو دھوکہ دیا!‘: نریندرمودی
نریندر مودی نے کہا کہ ’’ایل ڈی ایف کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ جس طرح یہودہ نے عیسیٰ مسیح کو دھوکہ دیا تھا، ویسے ہی ایل ڈی ایف نے سونے کے چند ٹکڑوں کے لئے کیرالہ کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے‘‘۔
پالگھاٹ: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز کیرالہ کی مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) کی زیر قیادت لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی حکومت پر ’سونے کے کچھ ٹکڑوں‘ کے لئے ریاست کے لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
نریندر مودی نے یہاں اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایل ڈی ایف کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ جس طرح جوڈس (یہودہ) نے چاندی کی لالچ میں عیسیٰ مسیح کو دھوکہ د یا تھا، اسی طرح ایل ڈی ایف نے سونے کے چند ٹکڑوں کے لئے کیرالہ کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے‘‘۔ نریندر مودی کا یہ تبصرہ واضح طور پر 2020 کے کیرالہ کے سونے کی اسمگلنگ کے کیس کے تناظر میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں کیرالہ کی سیاست میں بڑی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوان ایل ڈی ایف اور اپوزیشن یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) دونوں سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کی دوستانہ رضامندی کی سیاست جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مختلف نام ایک جیسے ہی کام کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد دولت کمانا ہے‘‘۔ ریاست کی 140 رکنی اسمبلی کے انتخابات کے لئے 6 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔