بیدر میں حج سیزن 2022 کیلئے عازمین حج کے درخواست فارم کی رسم اجرائی تقریب
بیدر:8/نومبر(اے ایس ایم) حج سیزن 2022 کیلئے عازمین حج کے درخواست فارم کی رسم اجرائی تقریب دفتر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر موقوعہ متصل جامع مسجد دفتر چوبارہ بیدر میں بتاریخ 6/نومبر بروز ہفتہ دو پہر 3:00 بجے منعقد ہوئی جس میں امسال حج کا عزم کرنے والے افراد نے شرکت کی۔اس تقریب کی صدارت انجمن خادم الحجاج کے صدر الحاج سید صغیر احمد نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین محمد رؤف الدین کچہری والے موجود تھے۔
معتمد انجمن خادم الحجاج الحاج سید منصور احمد قادری انجنئیر نے تلبیہ سے اپنی بات کا آغاز کرتے ہوئے انتہائی تفصیل کیساتھ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے وضع کردہ تمام اُصول و ضوابط سمجھائے اور انہوں نے تمام عازمین کو بتایا کہ وہ اپنے پاسپورٹ کاپی، بینک پاس بک،دو عدد فوٹو آدھار کارڈ، بلڈ گروپ سر ٹیفکیٹ موبائل نمبر اورNomineeکا نام پتہ فون نمبر اوقات کا صبح 11:00بجے سے شام 5:00بجے دفتر انجمن پر آئیں ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال حج کیلئے انداز اً تخمینہ خرچ-/3,35000 تا 4,05,000 روپئے آئیگا۔
رؤف الدین کچہری والے چیرمین کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ پوری ریاست کرناٹکا میں بنگلور سے پہلے بیدر میں درخواست فارم کی اجرائی تقریب عمل میں آئی۔ کیونکہ گذشتہ کئی سالوں سے وہ خود بھی اس انجمن خادم الحجاج کے رکن کی حیثیت سے کام کررہے ہیں اسلئے بخوبی جانتے ہیں کہ انجمن جملہ عہدیداران اور اراکین کس قدر جوش اور جذبہ کیساتھ کام کرتے ہیں۔
انہوں نے سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ حاجیوں کی ایسی خدمت بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ کرناٹک کے باالخصوص بیدر کے حاجیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بیدر کیلئے ایک منی حج ہاؤز کی تعمیر اُن کا عزم ہے جس کو وہ ہر حال میں پورا کریں گے۔
رؤف الدین کچہری والے چیرمین کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے ہاتھوں آن لائن درخواست فارم کے ادخال کا عمل شروع ہوا۔ تقریب کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ محمد شفیع الدین نے ہدیہ نعت پیش کی۔ اس تقریب میں انجمن خادم الحجاج کے نائب صدر الحاج اختر محی الدین،خازن شفیق احمد کلیم اراکین الحاج محمد ایازالحق الحاج محمد شریف، شاہ نظیر الحسن قادری،آصف حسین، محمد عبدالواجد، محمد شاہنواز اپنے اپنے انداز میں مصروف خدمت و انتظام تھے۔ تقریب کا اختتام محمد غوث قریشی شریک معتمد دوم کے شکریہ پرہوا۔