خبریںقومی

ملک بھر میں بڑے جوش سے منایا گیا ہولی کا تہوار، کورونا گائیڈلائن کی بڑے پیمانے پراُڑائی گئی دھجیاں!

ملک بھر میں رنگوں کا تہوار ہولی بڑے جوش و خروش کے ساتھ پر امن طریقے سے منایا گیا، حالانکہ اس دوران کورونا کی گائیڈ لائن کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی گئیں۔اس موقع پر بچے خواتین اور بزرگ بھی جشن مناتے ہوئے اور ایک دوسرے کو گلال لگا کر مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے

نئی دہلی: رنگوں کا تہوار ہولی پیر کے روز مذہبی رسوم و رواج اور پورے جوش و خروش کے ساتھ پرامن طریقے سے منایا گیا۔ بچے خواتین اور بزرگ بھی اس تہوار کے موقع پر جشن مناتے ہوئے اور ایک دوسرے کو گلال لگا کر مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے۔ ہر طرح کے رنگوں سے شرابور بچے تو خاص طور پر خوش دکھائی دیے اور وہ ہر دکھائی دینے شخص پر رنگ اور گلال کی برسات کرتے نظر آئے ۔ اس موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کا منہ میٹھا کرایا۔

ہولی کے موقع پر گائے جانے والے نغموں کی بھی اس موقع پر خوب دھوم رہی ۔ رنگ برنگے لوگ ناچتے گاتے اور گلی محلے میں گھوم گھوم کر لوگوں کو گلال لگا کر ایک دوسرے کو ہولی کی مبارکباد دیتے نظر آئے ۔ گذشتہ شب ہولیکا دہن کے دوران لوگ بالخصوص خواتین مذہبی رسومات کے ساتھ ہولیکا پوجا اور دیگر رسومات ادا کرتی ہو ئی دیکھی گئیں۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہولی کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کیں اور سب کی خوشی اور خوشحالی کی دعا کی۔

صدر رام ناتھ کووند نے ہولی کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ’’ ہولی کے مبارک موقع پر ملک کے تمام باشندوں کو مبارکباد۔ ہولی رنگوں کا تہوار، سماجی ہم آہنگی کا تہوار ہے اور لوگوں کی زندگی میں خوشی ، جوش اور امید لاتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ جوش و جذبے کا یہ تہوار ہمارے ثقافتی تنوع میں جڑے ہوئے قومی شعور کو مزید تقویت بخشے‘‘۔

نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ملک کے باشندوں کو رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پر مبارکباد دی ۔مسٹر نائیڈو نے ایک پیغام میں کہا کہ ملک کے تمام باشندوں کو ہولی کی مبارکباد ۔ رنگوں کا یہ تہوار آپ اور آپ کے اہل خانہ کی زندگی میں ہم آہنگی ، امن ، صحت ، تعلیم اور خوشحالی لائے ۔

مودی نے کہا ’’ آپ سبھی کو ہولی کی بہت بہت مبارکباد ۔ خوشی ، مسرت اور جوش و جذبے کا یہ تہوار ہر کسی کی زندگی میں نیا جوش اور نئی توانائی لائے ‘‘ ۔

ملک بھر میں رنگوں کا تہوار ہولی پیر کے روز جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا حالانکہ اس دوران کورونا کی گائیڈ لائن کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی گئیں۔ متھرا، وارانسی، گورکھپور، لکھنؤ اور کانپور سمیت پوری ریاست میں لوگ صبح سے ہی ہولی کے رنگ میں رنگے نظرآئے۔ اس دوران جم کر رنگ کھیلا گیا اور ابیرگلال کی برسات ہوئی۔ بعد میں گوجھیا سے لوگوں نے اپنے اعزہ کا منھ میٹھا کراتے ہوئے ہولی کی مبارک باد دی۔

متھراورنداون کی گلیوں اورمندروں میں جم ابیرگلال اڑا۔ بانکے بہاری مندر میں عقیدت مندوں کی بھیڑ جمع ہوگئی ٹیسو کے پھول اور گلال اڑائے گئے۔ اس دوران مختلف مندروں میں کرشن بھکتی کاسیلاب امڈتارہا۔ ورانسی کی گلیوں اورچوک پر رنگوں کی برسات ہوئی جس سے کچھ وقت کے لئے سڑکوں کا رنگ تبدیل ہو گیا۔

حالانکہ گورکھپور میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھگوان نرسنگھ کی شوبھایاترا میں حصہ نہیں لیا۔ گورکھناتھ مندر میں روایت کے مطابق ہولیکادہن کی راکھ اڑاکر اورتلک لگاکر ہولی منائی گئی۔ گرو گورکشناتھ کو بھسم ارپت کرنے کے بعد سربراہ پجاری کمل ناتھ نے گورکشپیٹھادھیشور یوگی آدتیہ ناتھ کو تلک کیا۔ اس سے پہلے مسٹر یوگی نے گرو گورکشناتھ اوراپنے گرو مہنت اویدناتھ کے مجسمہ کا درشن پوجن کیا۔

انہوں نے کووڈ -19 پروٹوکال کی پابندی کرتے ہوئے ہولی منانے کی اپیل کی اورکہا کہ ہولی کاتہوار ہمیں غلط، جھوٹ اورناانصافی جیسے منفی رجحانات سے مقابلہ کرنے کی تحریک دیتا ہے۔

لکھنؤ کے اندرانگر، امین آباد، چوک، ٹھاکرگنج، وکاس نگر اورآشیانہ سمیت تمام علاقوں میں خوب رنگ کھیلاگیا۔ ہولی کے تعلق سے نوجوانوں میں خصوصی جوش رہا اوران کی ٹولیاں بائیک پرسوار نظرآئیں۔ کچھ کالونیوں میں کوروناکے تعلق سے گھرکی چہاردیواری میں ہی لوگوں سے ہولی کھیلی اورفون و سوشل میڈیا کے ذریعہ ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!