انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی جدوجہد کے لیے مسلم نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا: لبید شافعی
بیدر میں “ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا رول” مرکزی موضوع پر سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کا پروگرام، ریاستی صدر لبید شافعی کا فکر انگیز خطاب
بیدر: 28/مارچ (پی آر) ملک میں امت مسلمہ کی موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے، ہندوستانی مسلمانوں کو سماجی طور پر سب سے کمزور طبقہ بتایا جاتا ہے، معاشرہ میں ظلم کا دور دورہ ہے، ہر طرف ظالم دندناتے پھرتے ہیں، ایسے ماحول میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کوصحیح رخ اور تعمیری سونچ کے ساتھ سماج کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے۔ یقینا تبدیلی اور انقلاب کے لیے یہی ایک بہترین دلیل ہوگی ۔انصاف کے قیام، تبدیلی کے خواہاں اور کچھ کر گزرنے کے جذبے کے ساتھ نوجوانوں کو میدانِ عمل میں آگے آنا ہوگا۔ حالات اُمت کے ہر نوجوان سے اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ تعمیری اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار لبید شافعی ریاستی صدر سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے یہاں شادی محل نورخان تعلیم، بیدر میں “ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا رول” مرکزی موضوع پر ایک تعارفی پروگرام کے صدارتی خطاب میں کیا۔
لبید شافعی نے یوتھ موومنٹ کرناٹک، کی بیدر شاخ کے زیر اہتمام ہونے والے پروگرام میں امت مسلمہ کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے نوجوانوں کا سب سے بڑا اور اہم چیلنج ان کی بے مقصد زندگی ہے، جبکہ امت کے ہر ذی شعور فرد کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو بامقصد زندگی کےتصور اور مزاج کو اپنانے پر آمادہ کریں۔ نوجوانوں کی توانائیوں اور قوتوں کو صحیح رخ دینے اور مثبت تعمیری فکر کے ساتھ پروان چڑھانے کی طرف زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کی جڑ تک پہنچنا ہو گا اور اس کے لیے نوجوان نسل کی توانائیوں اور صلاحیتوں کے استعمال کی بھی اشد ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے اس موقع پراین آر سی، سی اے اے احتجاج کے متعلق بتایا کہ کالے قوانین پر مسلم نوجوانوں کے ذریعہ ملک بھر میں کیے گئے احتجاج کو آزاد بھارت میں سب سے زیادہ بڑا سولین پروٹیسٹ کے طور پر جانا جائے گا،اس دوران مسلم نوجوانوں بالخصوص خواتین کی منظم اور بہترین لیڈر شپ کوالٹی کو اس ملک کی عوام اور دنیا نے اپنے آنکھوں سے دیکھا۔ موصوف نے اسلامی تاریخ کے حوالے سے بھی نوجوانوں کی اہمیت اور ضرورت اور ان کے ذریعے برپا کیے گئے انقلابات اور واقعات کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوانوں کے بغیر تبدیلی کا تصور نا ممکن ہے، کسی بھی ملک وملت میں تبدیلی کا خواب کو شرمندہ تعبیر نوجوان ہی کرتے ہیں،جب یہ کسی بات کا ارادہ وعزم کرتے ہیں اور تبدیلی کے متمنی ہیں تو یقینا اس جذبے کے ساتھ تبدیلی بھی ان کی منتظر دکھائی دیتی ہے۔ ہندوستان میں مسلم امت کو معاشی طور پر مضبوط ہونے کے لیے منظم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اس میدان میں بھی ہمارے نوجوانوں کو آگے بڑھنا چاہیے۔
موجودہ دور میں اسلاموفوبیا سب سے بڑا چیلنج ہے، ہمیشہ سے فسطائی طاقتوں نے جھوٹ کی بنیادرپر مسلم کمیونٹی اور اسلاموفوبیا کا ایک ڈھانچہ اور تصوراتی خاکہ بنا دیا ہے، فسطائی طاقتوں نے عام ذہنوں میں مسلمانوں کو ہندو مخالف ، مسلمان ملک سے محبت نہیں کرتے، اسلام بربریت کو بڑھاوا دیتا ہے جیسے پروپگنڈوں کو ڈالنے کی کوشش کی ہے، جن کی بنیاد جھوٹ ہے۔ جبکہ اسلام امن سلامتی کی تعلیمات، مساوات، عدل و انصاف کی بنا پر سماج کی تعمیر چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ ایک کمیونٹی کو ٹارگٹ کیا جانا ملک اور سماج کی ترقی کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ اور ملک کی سالمیت کو خطرہ ہےاور بتایا کہ ترقی تفریق کے ساتھ ممکن نہیں ہے اتحاد میں ترقی ہے۔میڈیا کے ذریعے پھیلا نے جائیں والی غلط فہمیاں بھی سماج کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایک پرامن سماج کے لئے منافرت اور جھوٹ ناقابل قبول ہوگا۔ امت مسلمہ اور نوجوان انصاف کے علمبردار ہیں اور نوجوانوں کو سچائی کی بنیاد پر معاشرے کی تشکیل کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ صحیح منصوبہ بندی کے ذریعے عملی طور پر اور ترجیحی بنیاد پر مسائل کی شناخت کی جائے اور ان کی جڑ تک پہنچ کر ان کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش کی ضرورت ہے۔
الطاف امجد ممبر اسٹیٹ ورکنگ کمیٹی سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے اس موقعہ پر سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کے اغراض ومقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک دراصل 40 سال سے کم عمر مسلم نوجوانوں کی ایک موومنٹ ہے، اور اس کے مخاطب افراد ٹارگٹ افراد مسلم نو جوان ہی ہیں جو 40سال سے کم عمر ہوں، جس کا ویژن ، معاشرے کی امن خوشحالی اور ترقی کے تعمیر ی حصول کے لئے صالح نوجوانوں کی ایک مستحکم تحریک تیار کرناہے۔ جبکہ نوجوانوں کو مکمل اسلامی خد و خال میں ڈھالنا۔ نوجوانوں کو آمادہ کرنا کہ وہ اپنے خالق کی فرما نبرداری کریں اور انسانیت کی خدمت انجام دیں۔ نوجوانوں کو اس بات پر آمادہ کرنا کہ وہ سماجی انصاف، شہری و انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کریں۔نوجوانوں میں علمی ثقافت کو فروغ دینا اور پروان چڑھانا۔ نوجوانوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تکثیری اقدار کو پروان چڑھانا۔ نوجوانوں کو اس بات پر آمادہ کرنا کہ وہ اخلاقی اقدار کو پروان چڑھائیں اور انصاف کو قائم کرنے کے لئے جدوجہد کریں۔ معاش،روزگار،کاروبار،ہنر کی صلاحیت اور صحت کے بہترین طریقوں کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانا۔قدرتی ماحول اور پائیدار ترقی کے تحفظ کے عمل کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنا۔ اس موومنٹ کے اغراض و مقاصد میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پرامن،اخلاقی، تعمیری اور قانون کے دائرے میں رہنا اس موومنٹ کا طریقہ کار اورمعروف کے دائرے میں آنے والی ہرسر گرمی اس کے کام کا دائرہ کار ہے۔پروگرام میں شہ نشین پر لبید شافعی ریاستی صدر سولیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک، الطاف امجد ممبر اسٹیٹ ورکنگ کمیٹی ، محمد نظام الدین امیر مقامی ، محمد آصف احمد صدر ایس آئی او بیدر، خضر انتصار کوآرڈینیٹر بیدر شاخ، محمد سعید عامر موجود تھے،محمد نظام الدین امیر مقامی جماعت ِاسلامی ہند، شہر بیدرنےافتتاحی کلمات پیش کیے،پروگرام سے قبل تمام شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام رکھا گیا تھا، پرگرام کا آغاز کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، ، نظامت کے فرائض محمد سعید عامر نے انجام دئیے۔ اس موقع پر یوتھ موومنٹ کے ذمہ داران کی اپیل پر نوجوانوں نے (جن کی عمر 40 سال سے کم تھی ) کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دعاپر پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔