وزیراعظم مودی کا 2 روزہ دورہ بنگلہ دیش، شیخ حسینہ نے ایئرپورٹ پر کیا استقبال
وزیراعظم مودی کا 15 مہینے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے دو دن کے دورہ پر روانہ ہو گئے، یہ گزشتہ 15 مہینے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ ’آکاشوانی نیوز‘ کے مطابق خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے وزیر اعظم مودی کے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے سے قبل نامہ نگاروں کو معلومات دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی شراکت داری کو مزید تقویت بخشےگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ بنگلہ دیش دورے روانہ ہونے کے بعد یہ دار الحکومت ڈھاکہ میں پہنچ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے یہاں کے شاہ جلال بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پہنچ کر وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ایئرپورٹ پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
خارجہ سکریٹری نے کہا کہ کووڈ-19 عالمی وبا کے بعد سے وزیر اعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے اور اِس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت، بنگلہ دیش کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ بنگلہ دیش کے اپنے دورے پر وزیر اعظم مودی آج ڈھاکہ میں وہاں کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور نیشنل پریڈ گراؤنڈ سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم مودی اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی اپنی ہم منصب شیخ حسینہ سے مذاکرات کریں گے۔ بعد میں دونوں ملکوں کے وفود بھی اِس میں شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی ڈھاکہ کے مضافات میں ساور کے مقام پر قومی شہیدوں کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ مودی اور شیخ حسینہ، بنگ بندھو – باپو نمائش کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اِس دورے پر مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے