جہیز کے لین دین میں عورت ہی عورت کی دشمن بنی ہوئی ہے: مفتی محمد انوار احمد نظامی
جامعہ روضۃ البنات بیدر میں جلسہ حالات حاضرہ سے کیا خطاب
بیدر: 25/مارچ (اے ایس ایم) موجودہ دور میں خواتین اسلام کو بیٹی،بہن،بیوی،اورایک ماں کی حیثیت سے انقلابی کردار اداکرنے کی شدید ضرورت ہے۔ چار محترم ومکرم باعزت خواتین کا کردار ہمارے سامنے ہے جن میں اُم المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ،خاتون جنت حضرت فاطمہ الزہر، حضرت آسیہ اور حضرت بی بی مریم ؓ ان باعظمت خواتین کو کئی تکالیف دی گئیں لیکن کبھی انہوں نے ہمت نہیں ہاری بلکہ استقامت کے ساتھ اللہ کے رشتہ کومظبوطی کے ساتھ جوڑے رکھا۔ آج جہیز کے لین دین میں مرد سے زیادہ عورت ہی عورت کی دشمن بنی ہوئی نظرآتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم طالبات جامعہ روضۃ البنات بیدر کے زیر اہتمام بمقام جامعہ روضۃ البنات علی باغ بیدر میں منعقد ہ جلسہ حالات حاضرہ سے خطاب کے دوران صدر جلسہ حضرت علامہ حافظ وقاری مفتی محمد انوار احمد صاحب نظامی نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے کیا۔
انہوں نے کہا آج اصلاح کے لیے تنقید کی ضرورت نہیں بلکہ اخلاق حسنہ کے ذریعہ اصلاح کی جاسکتی ہے۔ اصلاح گھنٹوں میں ہو یہ ممکن نہیں ہے بلکہ اصلاح کے لیے مہینوں سالوں کی مستقل محنت درکار ہے۔ آپ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیا آپ تمام طالبات خوش قسمت ہیں کہ آپ تمام حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علم دین حاصل کررہی ہیں۔آپ عالم فاضل اور مفتی تک کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ دینی تعلیم ایک امانت ہے اس کو ضائع ہرگز نہ کریں ورنہ آپ گنہگار ہونگی۔اس دینی تعلیم کی امانت کو آپ دوسروں تک پہنچائیں۔ اپنے عزائم کو بلند رکھیں اللہ اور اس کے رسول ؐسے اپنا تعلق بنائے رکھیں۔اہلیان بیدر بڑے خوش قسمت ہیں کہ یہاں جامعہ روضۃ البنات میں مولوی سے کامل تک کے امتحانی سنٹر کی جامعہ نظامیہ سے اجازت ملی ہے جس کے لیے دیگر کئی شہرکے زمہ داران مدارس کوشش کررہے ہیں۔جامعہ نظامیہ کے اسناد کو تلنگانہ حکومت اور عثمانیہ یونیورسٹی نے بی.اے. ایم.اے کے مماثل قرار دی ہے۔ مستقبل میں یہ اسنادات آپ تمام کے بہت کام میں آئینگے۔
نگران جلسہ مولانا مفتی سیّدسراج الدین نظامی بانی وناظم جامعہ روضۃ البنات و روضہ مشن اسکول نے کہا کہ جامعہ روضۃ البنات کاقیام 26/جون 2006ء میں صرف 3طالبات سے ہو اتھا۔ آج تقریباً 400سو سے زائد طالبات زیور علم سے آراستہ ہورہی ہیں۔ اب تک تقریباً 50سے زائد طالبات نے حفظ قرآن مکمل کیا ہے۔ جن میں کئی طالبات نے ایک نشست میں قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کی ہیں۔ 200سے زائد طالبات نے مولوی،عالم، فاضل اورمفتی کا کورس مکمل کیا ہے۔ ان طالبات کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم سے بھی آراستہ کیا جاتاہے۔عالم کے ساتھ ساتھ ان کو جماعت دہم کی سند بھی دی جاتی ہے۔
جلسہ کی کاروائی کا آغاز حافظہ آمنہ ناز متعلمہ مولوی دوم کی قرأت کلام پاک سے ہوا، نعت پاک کا نذرانہ حافظہ رقیہ فاطمہ متعلمہ فاضل اول نے پیش کی۔مہمان خصوصی کی شال و گلپوشی کی گئی اور مہمان خصوصی کی پر اثر دعا کے بعد یہ روحانی جلسہ تکمیل پذیر ہوا۔مفتیہ عالیہ نکہت،مفتیہ حنا معاویہ کی نگرانی میں تنظیم کی تمام طالبات نے جلسہ کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کی حصہ لیا۔