ریاستوں سےکرناٹک

امسال 100 منتخب طلبہ کو LLB کے ساتھ CLAT کی مفت کوچنگ و ٹریننگ فراہم کرنے APCR کا اعلان

بنگلور فساد کے الزام میں گرفتارشدگان کو ضمانت دلانے میں اے پی سی آر کا اہم رول

بنگلور: 24/مارچ ( پی آر) اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر)  نے امسال مالی طور پر کمزور ملت کے 100 طلبہ کو قانونی تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ایل ایل بی کرنے کے خواہشمند ملت کے نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری  طور پر اے پی سی آر بنگلور دفتر سے رابطہ کرکے اپنا نام درج کرائیں۔ 100 منتخب طلبہ کو ایل ایل بی کے ساتھ مفت CLAT (کامن لاء ایڈمیشن ٹیسٹ) کی کوچنگ اور ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ اس بات کی اطلاع  اے پی سی آر کرناٹک چاپٹر کے سکریٹری ایڈوکیٹ محمد نیاز نے دی۔

اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  ایڈوکیٹ محمد  نیاز نے بتایا کہ بنگلور میں منعقدہ اے پی سی آر کی ریاستی انتظامیہ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں جس میں  ایل ایل بی کے خواہشمند مالی طور پر کمزور ملت کے سو طلبہ کو اسپاونسر کرنے کا بھی  فیصلہ شامل ہے، انہوں نے کہا کہ   ایل ایل بی کے ساتھ ساتھ  طلبہ کو CLAT کی کوچنگ بھی فراہم کی جائے گی  ساتھ ساتھ طلبہ کو  قانون کے میدان میں آگے بڑھانے میں  ہر ممکن رہنمائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر ملت کے افراد میں  قانونی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے اُنہیں  بہت ساری قانونی  د شواریاں پیش آرہی ہیں اگر ہمارے نوجوان قانون کے میدان میں آگے آئیں اور قوم و ملت کی رہنمائی کرتے ہوئے  قانون کے مطابق انصاف حاصل کرنے اور مظلوموں کو بھی انصاف  دلانے کی کوشش کریں تو قوم   مضبوط بن سکتی ہے۔

انہوں نے کالجس میں تعلیم حاصل کرنے والے ملت کے نوجوانوں پر  زور دیا کہ وہ  قانون کی ڈگری حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دیں اور مظلوموں کو انصاف دلانے میں  ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے  کہا کہ اسی جذبے کے تحت اے پی سی آر کی جانب سے امسال ملت کے سو طلبہ کو قانون کی ڈگری فراہم کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اسی پر بس نہ کرتے ہوئے ایسے نوجوانوں کو کامن لاء ایڈمیشن ٹیسٹ کی بھی کوچنگ نیز تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے درخواست کی کہ  وہ  اپنا درخواست نامہ اور اپنی تعلیمی معلومات Email: apcrkarnataka@gmail.com پر  روانہ کریں۔ مزید جانکاری کے لئے  اے پی سی آر کورڈی نیٹر جناب شیخ شفیع احمد سے موبائل نمبر 9342358745 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

بنگلور کے جی ہلّی اورڈی جے  ہلّی  تشدد کے الزام میں گرفتار شدگان  کو  بھرپور قانونی امداد: 

اے پی سی آر ریاستی صدر ایڈوکیٹ پی عثمان نے بتایا کہ  اگست 2020 میں بنگلور کے جی ہلّی اور ڈی جے ہلّی میں ہوئے تشدد میں چار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی  ۔ 474   لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا،  انہوں نے اس بات پر حیرت ظاہر کی کہ پہلی مرتبہ تشدد کے معاملے میں پولس نے 47 ملزمین پر UAPA کی دفعات لگائی ہیں جس کے تحت انہیں جلد ضمانت ملنا ممکن نہیں ہے ایڈوکیٹ پی عثمان نے بتایا کہ بنگلور میں سیکولر ایڈوکیٹ فورم کے بینر میں ،    جس میں اے پی سی آر   بھی شامل ہے اب تک  زیادہ تر لوگوں  کو ضمانت پر رہا کیا جاچکا ہے، مزید 170 لوگوں کی رہائی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  ملت کے افراد میں قانونی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے بھی کافی نوجوانوں کی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی آر اسی مقصد کے تحت لوگوں میں قانونی بیداری لانا  چاہتی ہے، جس کے لئے   ریاست کے مختلف علاقوں میں  قانونی بیداری  کے ورکشاپ بھی چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے  ملت کے لوگوں پر زور دیا کہ   وہ ایسے ورکشاپ میں حصہ لیں ، اور اپنے بچوں کو  دیگر تعلیمی  ڈگری کے ساتھ ساتھ قانون کی تعلیم بھی  پڑھائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!