بہار میں حجاب کوئی ایشو نہیں، یہاں مذہبی جذبات کا احترام کیا جاتا ہے: CM نتیش کمار
نتیش کمار کا کہنا ہے کہ بہار کے اسکولوں میں بچے تقریباً ایک جیسی ڈریس پہنتے ہیں، کلاس میں کوئی اپنے سر پر کچھ رکھتا ہے تو اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم ایسے معاملوں میں مداخلت نہیں کرتے۔
کرناٹک میں جاری حجاب تنازعہ کے درمیان کچھ دیگر ریاستوں میں بھی حجاب کے تعلق سے کئی طرح کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اب حجاب تنازعہ کو لے کر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک اہم بیان دیا ہے۔ 14 فروری کو نتیش کمار نے کہا کہ ریاست میں حجاب کوئی ایشو نہیں ہے۔ یہاں مذہبی جذبات کا احترام کیا جاتا ہے۔
نتیش کمار نے ایک پروگرام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران حجاب کے تعلق سے اپنا یہ نظریہ بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر کلاس میں کوئی اپنے سر پر کچھ رکھتا ہے تو اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بہار میں یہ کوئی ایشو نہیں ہے، ہمیں ایسی چیزوں پر دھیان مرکوز نہیں کرنی چاہیے۔ یہ غیر ضروری ہے۔
نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ بہار کے اسکولوں میں بچے تقریباً ایک جیسی ڈریس پہنتے ہیں۔ اگر کلاس میں کوئی اپنے سر پر کچھ رکھتا ہے تو اس پر تبصرہ کرنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ ہم ایسے معاملوں میں مداخلت نہیں کرتے۔ ہم ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ ریاستی حکومت کے لیے سبھی برابر ہیں۔