تنظیم رابطہٴ ملت کے وفد کا دورہ جامع مسجد مرکھل، مسجد کے تحفظ کیلئے ہرممکن کوشش کرنے کا دیا تیقن
بیدر: 23/مارچ (پی آر) محمد معظم جنرل سیکریٹری تنظیم رابطہٴ ملت ضلع بیدر کی اطلاع کے بموجب تنظیم رابطہٴ ملت ضلع بیدرکا ایک ہنگامی اجلاس شہر بیدر میں منعقد ہوا، جس میں جناب عبدالسمیع صدر رکشنا سمیتی بیدر نے انتظامیہ کی جانب سے احاطہ جامع مسجد مرکھل پر کی گئی کارروائی اور دیگر اس سلسلہ میں کی جانیوالی کوشیشوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کو شرکائے اجلاس کے سامنے پیش کیا، واضح رہے کہ 22/ مارچ کو انتظامیہ کی جانب سے کی گئی احاطہ مسجد پر کارروائی کے وقت بھی وہ موقع پر موجود تھے۔ اس ضمن میں بھی انہوں نے تفصیلی طور پر اجلاس کو واقف کروایا۔
بعد ازاں تنظیم رابطہٴ ملت ضلع بیدر کا ایک نمائندہ وفد 23/مارچ کی صبح جامع مسجد مرکھل پہنچ کر وہاں کی انتظامی کمیٹی اور مقامی مسلمانوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے مقامی باشندوں کو تیقن دلایا کہ رابطہٴ ملت حالات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے، قانون کے دائرے میں رہ کر مسجد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔
اس موقع پر وفد میں شامل شرکاء اور صدر رابطہٴ ملت ضلع بیدر محمد عبدالقدیر نے مرکھل کے تمام مقامی باشندوں اور ضلع کے تمام اہل ایمان سے اپیل کی ہے کہ صبر و تحمل سے کام لیا جائے اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے پرہیز کیا جائے۔ قانون کے دائرے میں مسجد کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کا انہوں نے تیقن دیا، اور اس سلسلہ میں ضلعی اور ریاستی وقف بورڈ کے ذمہ داران سے ربط پیدا کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کے لیے کوشش کی جائےگی۔
اس نمائندہ وفد میں ڈاکٹر عبدالقدیر رابطہٴ ملت ضلع بیدر، محمد معظم جنرل سیکریٹری، رابطہٴ ملت ضلع بیدر کے نائب صدور محمد رفیق احمد، مولانا محمد مونس کرمانی مولانا سید سراج الدین نظامی، شیخ مجیب الرحمن قاسمی، محمد نظام الدین، شاہ حامد محی الدین قادری، عبدالسمیع صدر رکشنا سمیتی بیدر، سید منصور احمد قادری و دیگر شامل تھے۔