ہمناآباد بلدیہ کی لاپرواہی سے پینے کے پانی کی بربادی، منتخب عوامی نمائندے خاموش تماشائی
ہمناآباد: 15/مارچ (ایس آر) ہمناآباد میں بلدیہ کی سنگین لاپرواہی سے پینے کے پانی بربادی ہو رہی ہے۔تفصیلات کے بموجب قومی شاہراہ 65کے بائی پاس سڑک پر بریج قائم کیا گیا ہے اس بریج پر پائپ لائین میں شگاف ہونے کی وجہہ سے پچھلے کئی ماہ سے پانی لکیج ہو رہا ہے اور اس سنگین مسئلہ کی جانب بلدی حکام کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں انکی اس مجرمانہ لاپرواہی کے سبب ایک تو پانی کی بربادی ہو رہی ہے اور دوسری جانب اس راہ پر سے گذرنے والے مسافرین کو مشکلات درپیش آرہی ہیں، کیچڑ کی شکل میں سب سے زیادہ حیرت کی بات یہ ہیکہ اس راستہ پر سے صدر بلدیہ روزانہ گذرتی ہیں اور اس مقام سے چند قدم کی دوری پر نائب صدر بلدیہ کی رہائش گاہ موجود ہے اسکے علاوہ متعدد اراکین بلدیہ ہر دن اس مسئلہ کو دیکھتے ہیں اور خاموش تماشائی بن کر گذر جاتے ہیں۔
انکی خاموشی عوام کی سمجھ سے بالاتر ہے، یہاں علاقہ کی عوام کا یہ کہنا ہیکہ اس مسئلہ کی جانب چیف آفیسر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں انکا فوری طور پر تبادلہ کردینا چاہئیے۔ اگر اسی طرح پانی کی بربادی ہوتی رہی تو قوی امکان ہیکہ آنیوالے دنوں میں ہمناآباد کی عوام کو پانی کا سنگین مسئلہ درپیش آسکتا ہے۔ اس ضمن میں ہمناآباد کے رکن اسمبلی کا یہ اولین فرض بنتا ہیکہ وہ اس مسئلہ کی جانب اپنی خصوصی توجہ دیں۔