بسواکلیان میں جماعت اسلامی کا اجتماع، مولانا یوسف کنی کا خطاب
بسواکلیان: جماعت اسلامی ہند بسواکلیان کے ہفتہ واری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا یوسف کنی معاون امیر حلقہ نے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے روشن باب فتح مکہ سے متعلق واقعات کی روشنی میں چار نکاتی فارمولا پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وابستگان تحریک اپنے اندر معاف کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔ اپنا احتساب بے دردی کے ساتھ کریں۔ شہد کے چھتے کی مانند بنیں اور ٹوٹے بکھرے خاندانوں کو جوڑنے اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔
اس موقع پر محترم ذاکر حسین صاحب ناظم علاقہ گلبرگہ نے کل ہند مہم مضبوط خاندان مضبوط سماج کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ امیر مقامی جناب کلیم عابد منصوری نے خوشگوار ازدواجی زندگی گذارنے کے چار قرآنی صفات کا ذکر کیا۔ حافظ میر فرخندہ علی کی قرات کلام پاک سے اجتماع کا آغاز ہوا۔ جس میں شوہر اور بیوی کے حقوق و فرائض کا ذکر کیا۔ مولانا نجم الدین عمری صاحب،م ناظم علاقہ رائچور اور ارکان و کارکنان کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔