ضلع بیدر سے

ڈاکٹرعبدالقدیر صاحب صدر رابطہٴ ملت ضلع بیدر منتخب

بیدر: 25/فروری (اے این این) محمد معظم جنرل سیکریٹری تنظیم رابطۂ ملت ضلع بیدر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تنظیم رابطۂ ملت کی مجلس عاملہ کا اجلاس مسجد نورخاں تعلیم بیدر میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مولانا سید عبدالوحید قاسمی صاحب صدر رابطہ ملت ضلع بیدر نے کی۔ اجلاس کا آغاز مولانا مونس کرمانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمد معظم جنرل سیکرٹری رابطہ ملت نے مولانا سید عبدالوحید قاسمی صاحب کی صدارت میں رابطہ ملت کی کارگزاری کی تفصیلات بیان کیں اور اجلاس کو واقف کروایا کہ مولانا سید عبدالوحید قاسمی کسی ناگزیر وجوہات کی بناء پر مستعفی ہو رہے ہیں۔ شرکائے اجلاس نے مولانا محترم سے اصرار کیا کہ وہ مستعفی نہ ہو، لیکن مولانا نے اپنی نجی مصروفیات کے سبب مستعفی ہونا ہی پسند کیا۔ مولانا موصوف کے اصرار پر تمام شرکاء نے آپ کی درخواست قبول کرلی۔

بعدازاں مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا کے استعفی کو قبول کرنے کے بعد محمد رفیق احمد نے ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام صدارت کے لیے پیش کیا۔ جس پر اجلاس میں شریک محمد کفایت اللہ صدیقی، مولانا مونس کرمانی، مولانا عتیق الرحمن رشادی، شیخ مجیب الرحمن قاسمی، حامد محی الدین قادری، اختر محی الدین، خلیل احمد، محمد فراست علی ایڈوکیٹ، محمد آصف الدین، محمد نظام الدین، محمد امیر الدین، محمد یوسف الدین، افتخار احمد اور دیگر حاضرین نے ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کے نام کی فردا فردا تائید کی۔

اس طرح سے ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کو صدر رابطہ ملت ضلع بیدر منتخب کر لیا گیا۔ اسی اجلاس میں باضابطہ طور پر مولانا سید عبدالوحید قاسمی نے اعلان فرمایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب متفقہ طور پر صدر رابطہ ملت ضلع بیدر منتخب ہوئے ہیں۔ نومنتخب صدر نے اس موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ملت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس کو فروغ دینے کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہنے کی ہم کوشش کریں گے۔ ساتھ ہی رابطہ ملت کے تمام امور کی انجام دہی کے لیے باہمی مشاورت کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ سابق صدر سید عبدالوحید قاسمی صاحب کی دعا پر اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!